تمل ناڈو میں وردا طوفان کی تباہکاریاں، 10افراد ہلاک، بڑے پیمانے پر مکانات کو نقصان

چنئی:تمل ناڈو کے ساحل پر پہنچنے والے سمندری طوفان ”وردا“ کی زد میں آکرریاستی دارالحکومت چنئی میں کم از کم 10افراد ہلاک اور کئی مکانات منہدم ہوگئے۔ اس طوفان بلاخیز سے زبردست جانی و املی نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ بجلی کی ترسیل بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ یہ طوفان اپنی تمام تر حشرسامانیوں کے ساتھ مغرب۔جنوب مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے اور جلد ہی اس کے کمزور پڑ جانے کا امکان ہے۔اس طوفان سے وردا علاقہ سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں 18000افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔چنئی سے موصول ٹی وی فوٹیج میں تیز و تند ہواؤں اور طوفانی بارش کے باعث کاروں کو الٹتے دکھایا گیا۔
دریں اثنا چنئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آج صبح طیاروں کی آمد و رفت شروع ہوگئی۔طوفان کی وجہ سے پیر کو ہوائی اڈے پر تمام پروازیں مکمل طور پر بند کردی گئی تھی۔چنئی آنے اور وہاں سے جانے والی 200سے زیادہ پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں۔ جبکہ تقریباً 30طیاروں کو حیدر آباد اور بنگلورو کے نزدیکی ہوائی اڈوں پر اتارا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے ایک بلیٹن میں کہا ہے کہ گزشتہ چھ گھنٹے کے دوران 20کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے شمالی تمل ناڈو کے اوپر بنا گہرا دباؤکا علاقہ مغرب-جنوب مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے اور یہ کمزور ہو گیا ہے۔طوفان تقریباً ساڑھے پانچ بجے شمالی تمل ناڈو کے اندرونی علاقے میں تھا۔بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 12گھنٹے کے دوران شمالی تمل ناڈو اور جنوبی کرناٹک کے اندرونی علاقوں کے مضافات میں متعدد مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طوفان کی وجہ سے چنئی میں چار افراد،کانچی پورم اور تروولور میں دو دو لوگوں کی اور ولو پورم اور ناگپٹینم میں ایک ایک شخص کی موت ہوگئی۔تمل ناڈو کے وزیراعلی او پنیرسیلوم حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے وردا کی وجہ سے مارے گئے لوگوں کے لواحقین کو چار چار لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سمندر کے آس پاس کے علاقوں سے دس ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کےلئے کہا گیا ہے۔ حکومت نے چنئی ،کانچی پورم اور تروولور ضلع میں آج اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Cyclone kills 10 in south indias tech hub chennai in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply