کشمیر میں ترنگا کبھی جھکے گا نہ اترے گا، وانی کی ہلاکت کے خلاف احتجاج موسمی ہواہے:ایم جے اکبر

نئی دہلی:وزیر مملکت برائے خارجہ ایم جے اکبر نے جموں و کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی انکاؤنٹر میں موت کے بعد جاری پر تشدد واقعات کو موسمی ہوا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اکتوبر 1947 سے کشمیر میں لہراتا ترنگا کبھی نہ جھکے گا نہ اترے گا۔
مسٹر اکبر نے وادی کشمیر میں تشدد سے ریاست میں لوگوں کو امن اور سلامتی کے لئے پیدا خطرے سے متعلق صورت حال کے بارے میں ضابطہ 193 کے تحت بحث میں مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وہ کشمیری نوجوانوں کو بہلا پھسلا کر اور اکساکر ہندستان کی یکجہتی اور سالمیت کو خطرے میں ڈالیں گے، لیکن وہ مغالطے میں ہیں۔ انہوں نے کشمیر میں ہونے والے تشدد کے واقعات کو نظریاتی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا، ’کشمیر کے بچے ہمارے بچے ہیں، جنہیں بگاڑا گیا ہے اور گمراہ کیا گیا ہے۔
یہ موسمی ہوا ہے۔یہ طوفانی ہوا بھی ہو سکتی ہے، لیکن کشمیر کے عوام، ان کی انسانیت اور سچائی ہندستان کے ساتھ رہی ہے‘۔ وزیر مملکت برائے خارجہ نے علیحدگی پسند قوتوں کا نام لیے بغیر کہا کہجو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ ان بچوں کو گمراہ کرکے ہندستان کی یکجہتی اور سالمیت کو تباہ کر دیں گے وہ مغالطہ میں ہیں۔
کشمیر ہندستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور ایسی قوتوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ اکتوبر 1947 میں جموں و کشمیر میں ہندستان کا ترنگا لہرایا تھا اور اب وہ نہ تو کبھی جھکے گا نہ اترے گا۔مسٹر اکبر نے کہا کہ ہندوستان کی حکومت پڑوسی ملک کے ساتھ بہتر تعلقات برقرار رکھنا چاہتی ہے لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان اب بھی سدھرنے کو تیار نہیں ہے۔
انہوں نے پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا حملہ ہم (ہندستان) تو سنبھال لیں گے لیکن اس کا اثر آپ (پاکستان) پر پڑے گا تو آپ سنبھل نہیں پائیں گے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Current situation in kashmir is a seasonal wind says mj akbar in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply