مودی حکومت میں دلتوں پر ظلم میں اضافہ: اپوزیشن

مودی حکومت میں دلتوں پر ظلم میں اضافہ: اپوزیشن
نئی دہلی: راجیہ سبھا میں اپوزیشن جماعتوں نے مودی حکومت کے دور میں دلتوں پر مظالم کے واقعات میں اضافہ کا الزام لگاتے ہوئے گجرات میں دلتوں کی بے رحمی سے سرعام پٹائی کے معاملے میں ریاست کی وزیر اعلی آنندی بین پٹیل کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔
ان جماعتوں کے ارکان نے یہ بھی کہا کہ دلتوں کے معاملے کو لے کر کسی طرح کی سیاست نہیں کی جانی چاہئے اور پارٹی سیاست سے اوپر اٹھ کر ہی معاشرے میں دلتوں پر ہو رہے مظالم کو روکا جا سکتا ہے۔
ان ارکان کا کہنا تھا کہ دلتوں کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ان کی ہمہ جہت ترقی کیلئے کوشش کی جانی چاہئے اور ریزرویشن کو کارگر طریقے سے لاگو کیا جانا چاہئے تاکہ ان کی سماجی و اقتصادی ترقی ہو سکے۔
جنتا دل یو کے شرد یادو، سی پی ایم کے سیتارام یچوری، کانگریس کے احمد پٹیل، بہوجن سماج پارٹی کی مایاوتی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے مجید میمن، سی پی آئی کے ڈی راجہ، انا ڈی ایم کے اے نو نیت کرشن، سماجوادی پارٹی کے بینی پرساد ورما، ڈی ایم کے کینی موجھی اور ترنمول کانگریس کے ڈیری او برائن نے دلتوں پر مظالم کے ایکٹ176 کے تحت ایوان میں ہوئی مختصر مدت بحث کے دوران یہ مطالبہ کیا۔(یو این آئی)