کشمیر کے حالات پر آل پارٹی میٹنگ طلب کی جائے: سی پی ایم

نئی دہلی:مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے کشمیر کے موجودہ حالات پر غور و خوض کے لئے کل جماعتی میٹنگ طلب کرنے اور ایک وفد وہاں بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے آج یہاں مسٹر سنگھ سے ملاقات کر کے یہ مطالبہ کیا۔ بعد میں مسٹر یچوری نے صحافیوں کو بتایا کہ کچھ دن پہلے جب وہ کولکاتا میں تھے تو ان کی وزیر داخلہ سے ٹیلی فون پر کشمیر کی صورتحال پر بات چیت ہوئی تھی۔اس وقت بھی انہوں نے مسئلہ کاحل نکالنے کے لئے ایک کل جماعتی میٹنگ بلانے کی درخواست کی تھی۔
آج ان کے ساتھ لوک سبھا سے پارٹی کے نائب لیڈر محمد سلیم اور جموں و کشمیر میں پارٹی کے ممبر اسمبلی یوسف تاریگامی نے ان سے ملاقات کی اور پھر یہ مطالبہ دہرایا۔ ساتھ ہی ان سے سیاسی جماعتوں کا ایک وفد وہاں بھیجنے کی درخواست کی جو مقامی لوگوں سے بات کرے۔
سی پی ایم لیڈر نے کہا کہ کشمیر میں بھڑکے تشدد کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہو سکتا ہے، لیکن وہاں کے مسئلے کو سیاسی بات چیت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی پچھلی حکومت کے دوران اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی ہر اہم معاملے پر کل جماعتی میٹنگ بلاتے تھے لیکن مودی حکومت ایسی کوئی میٹنگ نہیں طلب کرتی ۔انہوں نے کہا کہ صرف پاکستان کو مجرم ٹھہرا کر مرکزی حکومت اپنی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتی ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Cpm demands all party meet on kashmir situation in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply