مارکسی لینن نواز کمیونسٹ پارٹی نے راجستھان فوجداری ترمیمی بل کی مخالفت کی

تصویر سوشل میڈیا
جے پور: (یو این آئی)کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ایم ایل) نے سرکاری ملازمین، منتخب نمائندوں اور ججوں کو بچانے اور سیاسی تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے اسمبلی میں پیش کردہ بل ’فوجداری قانون (راجستھان ترمیمی)2017‘ کی مخالفت کی ہے۔ پارٹی کے ریاستی سکریٹری مہندر چودھری نے بتایا کہ اس بل کے قانون بن جانے کی صورت میں ملزم سرکاری ملازمین ، ججوں کے خلاف کارروائی کے لئے حکومت سے اجازت لیناہوگی جو آئین کے بنیادی اصولوں کے ساتھ ہی سپریم کورٹ کے فیصلوں کے بھی خلاف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چھ ماہ کی حد کا ااستعمال بدعنوانی کے شواہد کو مٹانے کے لئے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بل میں یہ التزام بھی ہے کہ بدعنوانی کے ملزمین کے خلاف پریس اور میڈیا میں کارروائی کی اجازت ملنے تک شائع یا نشر نہیں کیا جاسکتا اور یہاں تک کہ عام شہریوں کے ذریعہ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر بھی کچھ نہیں لکھا جاسکتا ہے اور ایسا کرنے پر دو سال کی سزا کا التزام حکومت کے آمرانہ رویے کا مظہر ہے۔