کانگریس کا چین کے جارحانہ تیوروں پرزبردست اظہار تشویش

نئی دہلی : ڈوکلام معاملے پر چین کے جارحانہ رخ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس نے کہاہے کہ حکومت قومی مفاد سے سمجھوتہ کئے بغیر بات چیت کے ذریعے اس تعطل کو دور کرے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو یہ بتانا چاہیے کہ ان کی چین کے صدر سے کیا بات چیت ہوئی ہے۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کے نائب لیڈر آنند شرما نے ‘ہندستان کی خارجہ پالیسی اور اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ تال میل’ موضوع پر ایوان میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ وزیر اعظم پوری دنیا کے ممالک سے بات چیت کرتے گھوم رہے ہیں لیکن پڑوسی ممالک کے ساتھ کشیدگی پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ جب تک ہم پڑوس کو نہیں سنبھالیں گے تب تک ہندستان علاقائی یا بین الاقوامی سطح پر مثبت کردار ادا نہیں کر سکتا۔ مسٹر شرما نے کہا کہ چین پاکستان اور دیگر پڑوسی ممالک میں مسلسل اپنی دوستی بڑھا رہا ہے۔گزشتہ چند دنوں کی سرگرمیوں سے چین کے ساتھ ہندستان کی مختلف حکومتوں کے ذریعہ بنایا گیا سلسلہ ٹوٹ گیا ہے اور تعلقات خراب ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈوکلام کے معاملے پر چین کا رخ غیرمعمولی طور پر جارحانہ ہے اور اس کا کل کا بیان تشویشناک ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ دو بار اس معاملے پر بول چکے ہیں، پر ہندوستان کا جواب کیا ہے۔ وزیر اعظم نے چین کے صدر سے ملاقات کی ہے، لیکن وہ خاموش ہیں انہیں بتانا چاہئے کہ کیا انہیں کوئی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ہندستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی جرمنی کے ہیمبرگ میں مختلف مسائل پر بامعنی بات چیت ہوئی لیکن چین نے اس سے انکار کیا ہے۔ وزیر اعظم اس معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ مسٹر شرما نے کہا کہ قومی سلامتی کے مشیر بھی چینی صدر سے ملے ہیں لیکن وہاں سے بھی کچھ نہیں بتایا جا رہا ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا بات چیت کی کھڑکی ابھی کھلی ہے کہیں ایسا تو نہیں کہ بات چیت کے دروازے بند ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کے ہر معاملے پر اپوزیشن حکومت کے ساتھ ہے اور وہ چاہتا ہے کہ سفارتی بات چیت کو موقع دیا جانا چاہئے اور دنیا میں یہ پیغام جانا چاہئے کہ ہندستان کشیدگی کم کرکے صورتحال کو معمول پرلانا چاہتا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایسا کرتے وقت کسی بھی طرح سے قومی مفاد سے سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Congress criticises modi on his foreign tours in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply