بی جے پی صدر امیت شاہ کنبہ پروری پر بیان دینے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں : کانگریس

نئی دہلی: (یو این آئی) کانگریس نے کنبہ پروری پر پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی کے بیان کے تعلق سے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کے تبصرے پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسٹر شاہ کو حقیقت سے روگردانی کرنے اور دوسروں پر انگشت نمائی سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہئے۔ کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے پارٹی کی معمول کی پریس بریفنگ میں یہاں نامہ نگاروں کے سوالات پر کہا کہ مسٹر امت شاہ کو حقیقت ذہن میں رکھ کر تبصرہ کرنا چاہئے۔
بی جے پی میں کس قدر کنبہ پروری ہے، اس کے ثبوت بی جے پی کے سینئر لیڈر پریم کمار دھومل کے بیٹے اور لوک سبھا رکن انوراگ ٹھاکر، راجستھان کی وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا اور چاول اسکنڈل میں پھنسے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ رمن سنگھ کے ایم پی بیٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 40 مہینے پرانی مودی حکومت کے کام کاج کو دیکھ کر واضح ہو گیا ہے کہ بی جے پی کو حکومت چلانا ہی نہیں آتا ہے۔ گزشتہ تین سال میں اس نے لوگوں کے خورد و نوش پر انگلی اٹھائی، گؤرکشا کے نام پر ہجومی تشدد کو فروغ دیا اور لوجہاد جیسے مسائل پر ملک کا فرقہ وارانہ ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔
اب پھر انتخابات قریب آ رہے ہیںجس کے پیش نظر بی جے پی اسی پالیسی کو اپناتے ہوئے پولرائزیشن کی سیاست میں ملوث ہے۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت تین سال میں اقتصادی پالیسی، ڈپلومیسی اور خارجہ پالیسی جیسے تمام محاذوں پر ناکام ہوئی ہے۔ نیز بی جے پی انتخابات میں کئے جانے والے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کر سکی ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Cong reacts sharply to amit shah dynasty remark in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply