عوام اتر پردیش کی ترقی چاہتے ہیں تو انہیں ایس پی ، بی ایس پی کے چکر ویو سے نکلنا ہوگا:نریندر مودی

مہوبا: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اتر پردیش کو بہترین ریاست بنانے کے لئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے کھیل سے باہر نکالنا ہی ہوگا۔ مسٹر مودی نے آج یہاں بندیل کھنڈ ’پریورتن ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کی ترقی کے لئے اسے ایس پی-بی ایس پی سے نجات دلانا ہوگا۔ ساتھ ہی گڈ گورننس اور ترقی کے لئے انہوں نے صوبے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کو ضروری قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے لئے بندیل کھنڈ سے اچھی مثال نہیں مل سکتی۔ مدھیہ پردیش اور اتر پردیش دونوں میں بندیل کھنڈ ہے، لیکن دونوں کی حالت مختلف ہے۔ بی جے پی حکومت والے مدھیہ پردیش کے بندیل کھنڈ میں ترقی ہی ترقی ہے لیکن اتر پردیش کا بندیل کھنڈ بے حال ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بندیل کھنڈ میں ندیاں ہونے کے باوجود زمین پیاسی ہے۔گجرات کے کچھ میں ندیاں نہیں ہیں، لیکن بارش کے پانی کے مناسب انتظام سے اب وہاں کے کسان خوشحال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بندیل کھنڈ میں پانی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کا کسان تباہ ہو گیا۔ پانی کا صحیح انتظام ہوتا تو یہاں کا کسان مٹی سے سونا پیدا کرتا۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری باجپئی کی ندیوں کو ملانے کی منصوبہ بندی کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کے بعد آئی حکومت نے اگر اس منصوبہ بندی پر توجہ دی ہوتی تو حالات بدلے ہوئے ہوتے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ کین-بیتوا ندیوں کو ملانے کی اسکیم کو آبی وسائل کی وزیر اوما بھارتی آگے بڑھا رہی ہیں۔ اسکیم مکمل ہونے پر علاقے کے لوگوں کو کافی فائدہ ملے گا۔ جس علاقے میں قدرتی وسائل بھرے ہوں وہاں کے لوگ ترقی کو ترسے، اس سے بڑی بدقسمتی کیا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور بی ایس پی نے اتر پردیش کو کافی پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ان دونوں جماعتوں کے چکر ویوسے یہاں کے عوام کو باہر نکلنا ہو گا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Come out of this sp bsp circle narendra modi tells uttar pradesh in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply