وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کیا رام للا کادرشن

ایودھیا:(یو این آئی) سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے متنازعہ مذہبی مقام میں نصب’رام للا’ کے آج درشن کئے۔ وزیر اعلی بننے کے بعد پہلی بار ایودھیا آئے مسٹر یوگی نے رام للا کے درشن سے قبل مشہورہنومان گڈھی مندر میں ہنومان کے سامنے سجدہ ریز ہوئے۔ مسٹر یوگی کے درشن کے وقت دونوں مقامات پر سیکورٹی وجوہات کی بنا پرعام زائرین کے مندر میں جانے پر روک لگا دی گئی تھی۔ وزیر اعلی کے ہنومان گڈھی میں موجودگی کے دوران مندر کے نیچے ان کے متعدد حامی انتظار کر رہے تھے۔ ہنومان گڈھی میں ہنومان کے درشن کے لئے تقریبا ڈیڑھ سو سیڑھیاں چڑھ کر جانا ہوتا ہے۔ مجسمہ کافی اونچائی پرواقع ہے۔
مسٹر یوگی نے ہنومان گڈھی میں تقریبا بیس منٹ گزارے۔ درشن کے بعد انہوں نے مندر کے پجاریوں سے باتیں کی۔ ان کے ساتھ تصاویر کھنچوائیں۔ نوجوان سادھوؤں نے سیلفی لی۔ اس کے بعد وہ ہنومان گڈھی سے تقریبا سات -اٹھ سو میٹر دوری پر واقع متنازعہ رام جنم بھومی پہنچے۔ انہوں نے حفاظتی معیار پر مکمل طور سے عمل کرتے ہوئے رام للا کے درشن کئے۔ مجسمے سے تقریبا 30 میٹر دورتعمیر ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہوکر زائرین رام للا کا درشن کرتے ہیں۔ مجسمہ صاف نظر آئے اس کے لئے بجلی کا یہاں بہتر انتظام کیا گیا ہے۔ متنازعہ رام جنم بھومی پر انہوں نے تقریبا 30 منٹ گزارے۔ درشن کے وقت باہر ان کے متعدد حامی جن میں بیشتر سادھو سنت شامل تھے مسلسل نعرے لگا رہے تھے۔ سادھو رامیشور داس نے کہا، “آج ایودھیا کے لوگ کافی پرجوش ہیں۔ یہاں کے لوگوں کی خواہش ہے کہ رام مندر کی تعمیر جلد از جلد کی جائے ” اسی درمیان کچھ لوگ شنکھ بجاتے بھی نظر آئے۔کئی کے ہاتھوں میں تو گھنٹہ بھی تھا جسے وہ مسلسل بجا رہے تھے۔ متنازعہ رام جنم بھومی پرنصب رام للا کا درشن کرنے کے بعد وہ سریو کے کنارے کے لئے روانہ ہو گئے۔ انہوں نے سریو ندی کی پوجا کی اور آرتی اتاری۔
مسٹر یوگی کے ایودھیا دورے کے دوران 25 سال قبل لگنے والا نعرہ “رام للا ہم آئیں گے، مندر وہیں بنائیں گے” بھی سنائی دیا۔ چھ دسمبر 1992 کو متنازعہ ڈھانچہ منہدم ہونے کے بعد رام للا کا درشن کرنے والے مسٹر یوگی دوسرے وزیر اعلی ہیں۔ اس سے قبل 2002 میں مسٹر راج ناتھ سنگھ نے بطور وزیر اعلی رام للا کا درشن کیا تھا۔ 1991 میں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے کے بعد کلیان سنگھ نے اپنے کابینہ کے ساتھیوں کے ساتھ ایودھیا کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے رام للا اور ہنومان جی کے درشن کئے تھے۔

Title: cm yogi offers prayers at ram lalla shrine in ayodhya in Urdu | In Category: ہندوستان  ( india ) Urdu News

Leave a Reply