اترا کھنڈ میں چین کی در اندازی پر حکومت کی خاموشی باعث تشویش:حزب اختلاف

نئی دہلی: اروناچل پردیش کے بعد اترا کھنڈ میں بھی چینی فوجیوں کی در اندازی کی روشنی میں سماج وادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ یادو نے حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو اصل خطرہ پاکستان سے نہیں بلکہ چین سے ہے اور اس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کانگریس کے جیوترادتیہ سندھیا کے ذریعہ یہ معاملہ اٹھائے جانے کے بعد مسٹر یادو نے کہا کہ اتراکھنڈ میں چین کی دراندازی کا معاملہ کافی سنگین ہے اور ملک اور حکومت کو چین سے ہوشیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی یہ پالیسی رہی ہے کہ جب وہ کمزور ہوتا ہے تو خاموش بیٹھ جاتا ہے اور جب اس کی طاقت بڑھنے لگتی ہے تو وہ حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ چین نے پاکستان کے ساتھ سانٹھ گانٹھ کررکھا ہے۔ اس لئے ہمیں پاکستان سے اپنے رشتے خراب نہیں کرنا چاہے اور اس سے بات چیت جاری رکھنی چاہئے جب کہ چین کے معاملے میں حکومت کو کمزوری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے اور اس کی دھمکیوں کا جواب مناسب جواب دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہندوستان کو کبھی دوست نہیں مانا ہے۔ سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے چین کے ساتھ خیر سگالی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اس نے ہندوستان پر حملہ کردیا۔
اس سے قبل کانگریس کے جیوترادتیہ سندھیا نے اتراکھنڈ میں چین کی دراندازی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نو دن قبل یہ واقعہ پیش آیا لیکن مرکزی حکومت اب تک خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے وزیر دفاع یا وزیر داخلہ سے اس معاملے میں ایوان میں پوزیشن واضح کرتے ہوئے جواب دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اروناچل پردیش میں بھی چین کی دراندازی کے واقعات ہورہے ہیں جن پر حکومت کو جواب دینا چاہئے۔ بی جے پی کے بھگت سنگھ کوشیاری نے اتراکھنڈ میں دراندازی کے معاملے کو درست قرار نہ دیتے ہوئے کہا کہ دراصل وہاں خطہ غیر مقبوضہ ہے جہاں چین کے فوجی اکثرآتے رہتے ہیں اور ہندوستانی فوجیوں کی طرف سے وارننگ دئے جانے کے بعد وہ واپس لوٹ جاتے ہیں۔
حالانکہ بعد میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ واقعہ درست ہے تو وہاں کی حکومت نے اس پر کیا کیا اس نے کوئی کارروائی کیوں نہیں کی۔ ترنمول کانگریس کے سوگت رائے نے بھی چین کی دراندازی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو اس پر کارروائی کرنی چاہئے اور ایوان میں اس سلسلے میں بیان دینا چاہئے۔ پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمارنے اس سلسلہ میں اراکین کی تشویش پر کہا کہ ملک کے اتحاداور سالمیت سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اور حکومت اس معاملے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ ے گی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Chinese intrusion in uttarakhand in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply