اترپردیش میں سرکاری بسوں کا رنگ اب بھگوا ہوگا

لکھنو:اترپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (یوپی ایس آر ٹی سی) کی بسیں اب بھگوا رنگ میں رنگی نظر آئیں گی۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے منسلک جن سنگھ کے بانیوں میں سے ایک پنڈت دین دیال اپادھیائے کے 100ویں یوم پیدائش کے موقع پر آئندہ 25ستمبر سے مختلف مقدس مقامات( تیرتھ استھلوں) کے لئے بھگوا رنگ کی بسیں چلائی جائیں گی۔ ان بسوں میں عام کرایہ ہوگا۔ انہیں بلاک کی سطح پر چلایا جائے گا۔ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اترپردیش موٹر وہیکل ایکٹ میں واضح طورپر کہا گیا ہے کہ یو پی ایس آر ٹی سی بسوں کو رنگنے میں ’نیلا اور کریم رنگ استعمال‘ کیا جائے گا لیکن بسوں کا رنگ سیاسی اور دیگر وجوہات سے تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر (آزادانہ چارج) سوتنتر دیو سنگھ نے کہاکہ بسوں کی کشش بڑھانے کے لئے مختلف رنگوں سے انہیں سجایا جاتا ہے۔
مسٹر سوتنتر دیو سنگھ نے کہاکہ اگر آپ دیکھیں گے تو وہ صرف بھگوا رنگ میں نظر نہیں آئیں گی بلکہ رنگ اور ڈیزائن سے وہ خوبصورت نظر آئیں گی۔ بی ایس پی کی حکمرانی کے دوران بسوں کا رنگ نیلا اور سفید تھا جبکہ ایس اپی کے دور اقتدار میں ان کا رنگ سبز اور لال ہوگیا تھا۔ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے حکام نے آج یہاں بتایا کہ خصوصی سروس کے لئے مختلف رنگ سے بس کو پہچاننے میں مدد ملے گی۔ ریاست میں عقیدت مندوں کی سہولیات اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کارپوریشن نے تمام مذہبی مقامات کے لئے بس چلانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ان بسوں کا رنگ الگ رکھا گیا ہے جس سے انہیں دور سے پہچانا جاسکے۔ کانپور میں یو پی ایس آر ٹی سی کی سنٹرل ورکشاپ میں نئی بسیں تیار کی جارہی ہیں۔ ہر بس کی لاگت تقریباََ 24لاکھ روپے ہے۔ ’انتیودے سیوا‘ کے پہلے مرحلہ میں 50بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Changing regimes change colours of up buses its saffron this time in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
Tags: , , ,

Leave a Reply