چینی صدر کی موجودگی میں ہی نریندر مودی نے پاکستان کو دہشت گردی کا مسکن بتا کر سخت تنقید کی

پنجی:برکس ممالک دہشت گردی کے خلاف متحد اور فیصلہ کن کارروائی کے ساتھ ساتھ عالمی اقتصادی منظر نامے اور عالمی انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی کوششوں پر بھی متفق ہو گئے۔ برازیل، روس، انڈیا، چین اور ساوتھ افریقہ پر مشتمل پانچ رکنی تنظیم برکس کے آٹھویں سربراہ اجلاس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے کانفرنس کے بعد جاری کیے گئے گوا منشور کے حوالے سے بیان میں کہا کہ ہم نے اتوار کو تین اجلاس میں مفصل اور کامیاب تبادلہ خیال کیا۔ جس میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو نہ صرف علاقائی امن، استحکام اور اقتصادی خوشحالی بلکہ ہمارے معاشرے، طرز زندگی اور خدمت خلق کے لئے بھی متفقہ طو ر پر ایک خطرہ تسلیم کیا گیا۔
اجلاس میں اس پر بھی برکس ممالک ہم خیال تھے کہ برکس کو اس بحران کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہوکر فیصلہ کن کارروائی کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ رکن ممالک نے دہشت گردی کی سرمایہ کاری کے ذرائع کا پتہ لگانے اور ہتھیار، گولہ بارود، سازوسامان اور تربیت کی سہولت سمیت اس کے ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لئے قریبی تعاون کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اجلاس میں اس پر بھی اتفاق رائے پایا گیا کہ تشدد اور دہشت گردی کی پرورش ، ذہنی تربیت اور سرپرستی بھی اتنا ہی بڑا خطرہ ہیں جتنا کہ خود دہشت گرد ۔ اس سے قبل ہندوستان نے پاکستان کے سب سے قریبی سمجھے جانے والے چین کے سامنے ہی دہشت گردی پر اسے لتاڑ ا۔
وزیر اعظم مودی نے بظاہر پاکستان کو ہی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک دہشت گردی کی پناہ گاہ ہے۔ دنیا بھر کی دہشت پسند تنظیمیں اسی سے وابستہ ہیں۔ وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے اور دہشت گردی کی سوچ کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اقتصادی خوشحالی کے لئے براہ راست خطرہ دہشت گردی سے ہے۔ المیہ یہ ہے کہ یہ ایک ایسے ملک سے پنپ رہی ہے جو ہندوستان کے پڑوس میں ہے۔ برکس کو اس خطرے کے خلاف ایک سر میں بولنا چاہئے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Brics summit pm modi slams pakistan calls it the mothership of terrorism in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply