کانگریس نے راجستھان کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی سے تینوں سیٹیں چھین لیں

جے پور: راجستھان میں دو لوک سبھا اورایک اسمبلی سیٹ کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات میں کانگریس نے اجمیر اور الور کی پارلیمانی اور منڈال گڑھ اسمبلی سیٹ بی جے پی سے چھین کر کلین سوئپ کیا ہے۔
اس سے قبل یہ تینوں سیٹیں بی جے پی کے پاس تھیں۔ان تینوں سیٹوں کے لیے 42امیدوار میدان میں تھے۔ منڈال گڑھ میں کانگریس امیدوار وویک دھاکڑ نے اپنے قریب ترین حریف بی جے پی کے شکتی سنگھ ہڈا کو 12ہزار976 ووٹوں سے ہرایا۔دھاکڑ کو 70146ووٹ ملے جبکہ بی جے پی امیدوار شکتی کو جو ابتدائی راؤنڈز میں سبقت لیے ہوئے تھے اچانک ایسے بچھڑے کہ پھر 57170 ووٹ ہی لے سکے۔
اجمیر میں کانگریس امیدوار رگھو شرما نے بی جے پی امیدوار رام سروپ لانبا کو 90ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی ۔ الور لوک سبھا ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار کرن سنگھ یادو نے بی جے پی کے جسونت یادو کو50ہزار سے زائد ووٹوں سے ہرایا۔
کانگریس کی اس شاندار کامیابی پر ریاستی کانگریس صدر سچن پائلٹ نے کہاکہ ریاست کی وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا کو اخلاقی بنیادوں پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔ وسندھرا راجے سندھیانے اپنی پارٹی بی جے پی اور سچن پائلٹ نے کانگریس کے لیے زبردست انتخابی مہم چلائی تھی۔اور ہفتوں تینوں حلقوں میں خیمہ زن رہے۔
ان ضمنی انتخابات کو ریاست میں بی جے پی حکومت کی مقبولیت ماپنے کا پیمانہ سمجھا جارہا تھا۔ سیاسی ماہرین کی ان انتخابات پر اس لیے بھی خاص طور پر توجہ تھی کیونکہ یہ انتخابات متنازعہ فلم پدماوت کے ریلیز ہونے کے چار روز بعد ہوئے تھے۔اور اجمیر میں دو لاکھ را جپوت ووٹرزہیں جنہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیںگے۔
یہ تینوں سیٹیں بی جے پی کے قبضہ میں تھیں جو گذشتہ سال ان تینوں بی جے پی قانون سازوں کے انتقال کر جانے کے باعث خالی ہوئی تھیں۔منڈل گڑھ سیٹ بی جے پی نے2013کے اسمبلی انتخابات میں اور اجمیر اور الور کی سیٹ2014کے لوک سبھا انتخابات میں جیتی تھیں۔
الورلوک سبھا ضمنی انتخاب کے لئے بابو شوبھارام گورنمنٹ آرٹ کالج میں اوراجمیر پارلیمانی حلقہ کے لئے سرکاری پولیٹیکنک کالج میں سخت حفاظتی بندوبست میں ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ جبکہ مانڈل گڑھ اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب کے لئے بھیلواڑہ کے سرکاری پولیٹیکنک کالج میں صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع ہو ئی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Blow to raje govt in rajasthan congress wins mandalgarh alwar leading in ajmer in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
What do you think? Write Your Comment