دہلی کارپوریشنوں کے انتخابات میں بی جے پی موجودہ کونسلروں اور ان کے رشتہ داروں کو ٹکٹ نہیں دے گی

نئی دہلی:بھارتیہ جنتا پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے دہلی کے تین میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات میں اپنے موجودہ کونسلروں اور ان کے رشتہ داروں کو ٹکٹ نہیں دے گی۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر اور ریاستی امور کے انچارج شیام جاجو اور دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری نے آج اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کافی غورو خوض اور تبادلہ خیال کے بعد پارٹی نے یہ اہمفیصلہ نئے چہروں اور نوجوانوں کو موقع دینے کے لیے کیا ہے۔
فی الحال تینوں کارپوریشنوں پر بی جے پی کا قبضہ ہے اور 272 وارڈوں میں سے 153 میں اس کے کونسلر ہیں۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ہرش وردھن ، دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر برجندر گپتا، ممبر پارلیمنٹ ادت راج اور مہیش گری کے علاوہ دیگر ریاستی عہدیدار بھی موجود تھے۔ نامہ نگاروں کے یہ پوچھے جانے پر کہ پارٹی کو اس فیصلے سے کوئی نقصان تو نہیں ہوگا مسٹر تیواری نے کہا کہ وہ نئے اور نوجوان چہروں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ پارٹی کا یہ فیصلہ اچھا ہے یا برا دہلی کے عوام اس کافیصلہ کریں گے۔ اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی کی حکومت کارپوریشنوں میں بدعنوانی کے سلسلے میں مسلسل الزام لگانے کے متعلق سوال پر مسٹر تیواری نے کہا کہ ہمارے کونسلر محنت اور ایمانداری کے ساتھ پیسے کی تنگی کے باوجود بہت کام کررہے ہیں۔
اس کے باوجود پارٹی نئے اور نوجوان چہروں کو آگے لانے کے لئے یہ فیصلہ کررہی ہے۔ مسٹر تیواری نے کہا کہ دہلی میں خواہ کانگریس کی حکومت رہی ہو یا پچھلے دو سال سے عام آدمی پارٹی کی حکومت، کارپوریشنوں کو دی جانے والی رقم روکنے کا کام سب نے کیا ہے۔ انہو ں نے الزام لگایا کہ مسٹر کیجریوال خود بدعنوان ہیں اور ان کے وزیر حوالہ اور عصمت دری کے الزامات میں پھنس چکے ہیں۔ وہ اپنے گریبان میں جھانکیں۔ پنجاب اور گوا کے ووٹروں نے عام آدمی پارٹی کے گھمنڈ کو چور چور کردیا۔ گوا میں تو پارٹی اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Bjp will not field any sitting councillors in delhi in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply