ترنمول کانگریس کا کردار ’لاٹھی تنتر‘ اور تشدد :بھارتیہ جنتا پارٹی

نئی دہلی: (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کولکتہ میں پارٹی کے ریاستی صدر دفتر پر ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے تشدد حملے کو ’ترنمول کے غنڈوں کا لاٹھی تنتر‘ سے جمہوریت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ثابت ہوتا ہے ترنمول کانگریس کا جمہوریت اور قانون و انتظام پر اعتماد نہیں ہے۔ بی جے پی میں مغربی بنگال کے انچارج قومی سکریٹری اور ترجمان سدھارتھ ناتھ سنگھ نے آج یہاں کہا کہ جمہوریت میں تشدد کا کوئی مقام نہیں ہوتا ہے۔ جمہوریت میں وزیر اعلی اور حکمراں پارٹی ہی فساد اور تشدد کرائے تو وہاں جمہوریت کا قتل ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں جو ہو رہا ہے، وہ لاٹھی تنتر ہے۔ ترنمول کانگریس لاٹھی تنتر کے ذریعے سے تشدد بھڑکانے میں لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزویلی چٹ فنڈ کیس میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی جانچ میں جب ترنمول رہنما تاپس پال اور پھر سدیپ بندوپادھیائے کو گرفتار کیا گیا تو بی جے پی دفتر کے باہر مشتعل افراد جمع ہو گئے جس کی قیادت ترنمول کی رکن اسمبلی ششی پانجا اور کونسلر شانتنو سین کر رہے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی دفتر کے باہر تعینات 20-25 پولیس اہلکاروں نے تھوڑی دیر کے لئے منہ پھیر لیا جس کے بعد بی جے پی کے دفتر پر زبردست پتھراؤ کیا گیا جس میں ریاستی سکریٹری امیتابھ رائے سمیت تقریباً ایک درجن کارکن زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے تشدد کرنے والوں کو روکنے یا پکڑنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہ ترنمول کانگریس کا براہ راست حملہ ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ جمہوریت اور قانون و انتظام کو نہیں مانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے دوران فوج کی معمول کی تربیت کو بغاوت کا نام دے کر عوام کو اکسانے کی کوشش کی گئی۔ اب اس واقعہ سے واضح ہو گیا ہے کہ تشدد کرنا ترنمول کانگریس کا کردار بن گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وزیر اعلی ممتا بنرجی کو سمجھ لینا چاہیے کہ تشدد اور حملہ کرنے سے چٹ فنڈ گھوٹالے سے کلین چٹ نہیں ملے گی۔ وہ اس لئے گھبرائی ہوئی ہیں کیونکہ سی بی آئی جانچ ان کے دروازے تک پہنچ گئی ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Bjp slams trinamool congress in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply