بی جے پی کا منی پور،گوا اور اروناچل کی طرح تریپورہ میں بھی حکومت سازی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا:پرکاش کرات

اگرتلہ:(یو این آئی)سی پی آئی (ایم)پولٹ بیورو ممبر پرکاش کرات نے کہا ہے کہ بی جے پی تریپورہ کے اقتدار پر قبضہ کرنے کا جو خواب دیکھ رہی ہے وہ کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہاں وہی طریقہ اختیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے جیسا اس نے منی پور، آسام اور اروناچل پردیش میں کیا لیکن یہ پالیسی یہاں نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص جانتا ہے کہ بی جے پی منی پور میں کس طرح جیتی اور وہ یہاں بھی اسی طرح کی کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ تریپورہ میں یہ نہیں چلے گا۔ تریپورہ میں کمیونسٹ پارٹی گزشتہ25برسوں سے اقتدار میں ہے۔ یہاں کے رائے دہندگان بہت حساس اور سوجھ بوجھ والے ہیں اور انہیں ملک اور یہاں کی سیاست کا بخوبی علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچائی یہ ہے کہ تریپورہ میں بایاں محاذ آٹھویں مرتبہ کامیاب ہوگا۔ ہم دوبارہ پھر واپسی کریں گے۔
جنوبی تریپورہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کرات نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران ہندوستان کی عوام وزیر اعظم نریندر مودی کے جادو کو سمجھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کئی طرح کے بحران سے گزررہا ہے اور اس کی وجہ مرکزی حکومت کی ناکام پالیسیاں ہیں۔
مسٹر کرات نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، کساد بازاری عروج پر ہے،ہرشعبے میں گراوٹ آ رہی ہے، چھوٹی اور درمیانی درجے کی تجارتیں تباہ ہوگئی ہیں، بے روزگاری میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے،اقلیتوں پر متواتر حملے کئے جا رہے ہیں اور انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت اپنے وعدوں کو پوراکرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Bjp rss aiding divisive forces to disrupt communal harmony in tripura says prakash karat in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply