بی جے پی گجرات انتخابات جیتنے کے لیے تمام ناجائز و غیر قانونی طریقے استعمال کر رہی ہے: کانگریس

نئی دہلی: (یو این آئی) کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر گجرات میں اسمبلی انتخابات جیتنے کے لئے “غیر قانونی کام” کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ عوام کا بی جے پی سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔
کانگریس ترجمان منیش تیواری نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں خصوصی پریس بریفنگ میں کہا کہ بی جے پی پیسہ اور طاقت کے بل پر گجرات اسمبلی الیکشن جیتنے کی کوششوں میں ہے۔
اس کے لئے وہ حزب اختلاف کی جماعتوں میں نقب لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ بی جے پی نے گجرت میں اپنی شکست نوشتہ دیوار دیکھ لی ہے اس لیے وہ اس نوشتہ دیوار کو غلط ثابت کرنے کے لیے صاف ستھرے انتخابات سے بچ رہی ہے اور ہرقسم کا ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ گجرات میں پاٹیدار تحریک کے ایک لیڈر نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی نے پارٹی میں شامل ہونے کے لئے انہیں ایک کروڑ روپے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے واضح ہوتا ہے کہ بی جے پی انتخابات میں اترنے سے ابھی ڈر رہی ہے۔ لہٰذا انتخابات کے نتائج اپنے حق میں کرنے کے لئے غیر قانونی طریقے اختیار کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی پہلے بھی انتخابات میں غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کرتی رہی ہے۔ حال میں ہی راجیہ سبھا انتخابات کے دوران پارٹی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کے معاملے میں یہ ثابت ہو چکا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے اس وقت بھی پیسے اور طاقت کا استعمال کیا تھا۔ کانگریس نے زور دے کر کہا کہ گجرات میں “زعفرانی لہر ” نہیں چل رہی ہے اور لوگ بی جے پی کی مخالفت کر رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ بی جے پی انتخابی میدان میں اترنے سے خوف زدہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپوزیشن جماعتوں کے لوگوں کو پریشان کرنے کے لئے محکمہ انکم ٹیکس سمیت سرکاری مشینری کا غلط استعمال کر رہی ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Bjp is dazed scared and is running away from fair elections manish tewari in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply