بہار میں زہریلی شراب سانحہ کے ہلاک شدگان کی تعداد16ہوگئی، 14کے خلاف ایف آئی آر

پٹنہ:بہار کے ضلع گوپال گنج میں مبینہ زہریلی شراب پی کر بیمار پڑنے والے مزید2افراد کی موت کے بعد اس سانحہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھکر 16ہوگئی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راہل کمار نے گوپال گنج میں بتایا کہ شہر تھانہ علاقے کے ہرکھوا کھجورباڑی گاؤں میں 15اگست کی رات زہریلی شراب پینے سے بیمار پڑنے والوں میں سے مزید دو افراد کی جمعرات کو پٹنہ میڈیکل اسپتال میں موت ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
ان دونوں کی شناخت 25سالہ ناصر اور28سالہ منا کے طور پر کی گئی ہے۔راہل کمار نے مزید بتایا کہ سرغنہ نگینہ پاسوان سمیت14افراد کے خلاف اس معاملہ میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ دریں اثناراشٹریہ جنتا دل ( آر جے ڈی )کے صدر لالو پرساد یادو نے اس سانحہ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے کہ شراب پر پابندی کے باوجود اس طرح کا واقعہ کیسے پیش آیا۔
مسٹر یادو نے پٹنہ میں دس سرکلر روڈ پر واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ پر رکشا بندھن کے موقع پر پیپل کے درخت کو راکھی باندھنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ موقع سے ہومیوپیتھک دوا کی بوتلیں ملی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوپال گنج اترپردیش سے متصل ضلع ہے اور اس معاملے میں ایکسائز اور محکمہ آبکاری کی جانب سے جاری بیان اور دی گئی وضاحت سے وہ بھی واقف ہیں۔
ریاستی وزیر اعلی نتیش کمار نے گوپال گنج کے واقعہ کے پیچھے زہریلی شراب کے خدشے سے انکار نہیں کیا اور کہا ہے کہ اس معاملے میں مکمل رپورٹ آنے کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Bihar hooch tragedy toll rises to 16 in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply