دہلی کے لال قلعہ میں 26جنوری سے سات روزہ’ بھارت پرو ‘ کا انعقاد

نئی دہلی:حکومت ہند کے ذریعہ یوم جمہوریہ 2017 کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر 26 تا 31 جنوری 2017 کے دوران لال قلعے میں “بھارت پرو” کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنا ، ملک کی بیش قیمت گونا گوں تہذیب کو فروغ دینا ، وسیع پیمانے پر عام شہریوں کی شرکت کو یقینی بنانا اور ایک ہندوستان سریشٹھ بھارت کے تصور کو مقبول عام بنانا ہے۔
اس تقریب کے انعقاد کےلئے نوڈل وزارت کی حیثیت سے سیاحت کی وزارت کو نامزد کیا گیا ہے۔ اس تقریب کے اہم پروگراموں میں یوم جمہوریہ پریڈ کی جھانکیوں کی نمائش ، مسلح افواج کے بینڈز (ساکت اور متحرک) کے ذریعہ اپنے فن کا مظاہرہ ، انواع و اقسام کے کھانے کےلئے فوڈ کورٹ ، دستکاری میلہ، ملک کے مختلف حصوں سے ثقافتی پروگرام اور اطلاعات و نشریات کی وزارت کے ذریعہ تصویروں کی نمائش شامل ہیں۔
ثقافتی پروگراموں کے تحت شمالی علاقے کے تہذیبی سینٹر کے ذریعہ ملک کے مختلف حصوں سے جمع کردہ عوامی / قبائلی موسیقی اور رقصوں کے علاوہ ملک کے مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے ثقافتیگروپوں کے ذریعہ ان کے اپنے خطہ کی تہذیب و ثقافت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
فوڈ کورٹ کے تحت ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں اور نیشنل ایسویسی ایشن آف اسٹریٹ ونڈرز آف انڈیا (این اے ایس وی آئی) کے ذریعہ 50 اسٹال لگائے جائیں گے۔ اس میں ملک کے مختلف حصوں کے کھانوں کے علاوہ انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل منجمنٹ اور آئی ٹی ڈی سی کے کھا نے دستیاب ہوں گے۔

Title: bharat parv being organized at red fort delhi from 26th in Urdu | In Category: ہندوستان  ( india ) Urdu News

Leave a Reply