سونیا ۔ممتا ملاقات سے بنگال میں کانگریس لیڈران پارٹی کی مرکزی قیادت سے ناراض

کولکاتہ:پارٹی ہائی کمان کے ذریعہ ریاستی لیڈروں کی رائے کی اہمیت نہیں دیے جانے پر بنگال کانگریس کے لیڈران پارٹی اعلیٰ قیادت سے برہم نظر آرہی ہے۔ بنگالی کانگریسی لیڈروں کا موقف ہے کہ ترنمول سپریمو اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی ملاقات کی وجہ سے بنگال میں کانگریس کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا کیوں کہ ترنمول کانگریس مسلسل کانگریسی لیڈران اور ورکرس پر مظالم کرتے رہے ہیں۔
16مئی کو کانگریس صدر سونیاگاندھی اورراہل گاندھی کے ساتھ ممتا بنرجی کی ملاقات ہوئی تھی۔یہ ملاقات جولائی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے پیش نظرتمام سیکولر و اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متفقہ امیدوار کھڑا کرنے کیلئے اتفاق ارئے بنانے کیلئے ہوئی تھی۔ریاستی کانگریس کے لیڈران اس ملاقات سے اس لیے برہم ہیں کہ اس طرح کی کسی بھی ملاقات سے پارٹی ورکروں کے حوصلے ٹوٹیں گے۔.پارٹی قیادت کا ماننا ہے کہ اس کی وجہ سے بی جے پی کا فائدہ ہوگا اور کانگریس کا ووٹ بینک بی جے پی کے حق میں چلا جائے گا۔سینئر کانگریسی لیڈر و سابق ممبر پارلیمنٹ دیبا داس منشی نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ترنمول کانگریس نے بنگال میں کانگریس کو ختم کرنے کیلئے مہم چلارکھی ہے۔اس کیلئے ہر طرح سے ظلم کررہی ہے۔
ان حالات میں پارٹی اعلیٰ قیادت کی ممتا بنرجی سے ملاقات سے پارٹی ورکروں کے درمیان غلط پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ترنمول کانگریس کے غنڈوں سے مار کھانے والے پارٹی ورکروں کو اس ملاقات کے تئیں راضی کرنا کافی مشکل ہے۔وہ کسی بھی طرح سے ترنمول کانگریس سے معاہدہ کرنے کو تیارنہیں ہیں۔ ریاستی کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے سونیا گاندھی کو خط لکھ کر کہا تھا کہ قومی سیاست کی خاطر ریاستی کانگریس کے مفادات کو قربان نہیں کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکثر قومی سیاست کی وجہ سے بنگال کانگریس کے لیڈروں کی آواز کو دبادیا جاتا ہے۔اس کی وجہ سے زمینی سطح کے پارٹی ورکروں میں مایوسی پھیل جاتی ہے جو مسلسل ترنمول کانگریس کے غنڈوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ہم پارٹی ورکروں کو اس ملاقات کے تئیں قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ہمیں نہیں لگتا ہے وہ آسانی سے ہماری باتوں کو تسلیم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک طویل مدت سے بنگال کانگریس کے لیڈران قومی سیاست کی وجہ سے نظر انداز کیے جاتے رہے ہیں۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Bengal congress angry over soniamamata banerjee meet in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
Tags: , ,

Leave a Reply