یہ عوامی طاقت ہی ہے جس نے ایک غریب ماں کے بیٹے کو وزیر اعظم کے منصب پر بٹھا دیا:نریندر مودی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک کی جمہوریت کو ایک سیاسی خاندان کو وقف کردینے پر کانگریس کو لتاڑتے ہوئے کہاکہ جن لوگوں نے 1970کی دہائی میں جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوشش کی تھی، وہ عوام کی طاقت کو نہیں سمجھ پائے تھے۔ صدر کے خطبے پر شکریہ کی تحریک پر ہونے والی بحث کا جواب دیتے ہوئے مسٹر مودی نے آج لوک سبھا میں کہا کہ عوامی طاقت کو دبانےکی کوشش کے باوجود جمہوریت کی جیت ہوئی اور یہ عوامی طاقت کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ایک غریب ماں کا بیٹا ملک کا وزیر اعظم ہے۔
شکریہ کی تحریک پر بحث کل رات مکمل ہوئی تھی۔ مسٹر مودی نے ’جمہوریت‘ اور سیاسی خاندان کے حوالے سے جو باتیں کہیں اس کا سرا کانگریس کے لیڈر ایم ملک ارجن کھڑگے کے کل کے اس بیان سے ملتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھاکہ کانگریس کی وجہ سے اس ملک میں جمہوریت زندہ ہے اور جمہوریت ہی کی وجہ سے مسٹر مودی وزیر اعظم بن پائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب کانگریس کا وجود تک نہیں تھا اس وقت بھی کروڑوں لوگ تھے۔انہوں نے 1857کی جنگ آزادی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لیکن اس وقت کمل ایسا ہی تھا جیسا آج ہے ۔مودی نے جنگ آزادی میںکسی بی جے پی رہنما کے حصہ نہ لینے کے کانگریس کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بیشک جنگ آزادی کے دوران ہم میںسے زیادہ تر اس میں حصہ نہ لے سکے لیکن ہم ملک کی خاطر جی رہے ہیں۔

Title: because of peoples power a son of a poor mother became the pm of india | In Category: ہندوستان  ( india )

Leave a Reply