یرغمال ہندوستانی شہری کو بنگلہ دیش کی پولس نے بازیاب کرا لیا

شیلانگ: بنگلہ دیشی پولس نے ایک یرغمال ہندوستانی شہری کو اغواکاروں کے چنگل سے رہا کرالیا ہے، جس کو بنگلہ دیشی اغواکاروں نے میگھالیہ کے جنوب مغربی ضلع کھاسی پہاڑی سے گزشتہ ماہ اغوا کرلیا تھا۔ یہ اطلاع میگھالیہ پولس کے ایک اہلکار نے آج دی ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ ہربرٹ لنگدوہ نے بتایا کہ ایک 18 سالہ نوجوان ڈاجیڈ کینشائی کو گزشتہ ماہ 27 اپریل کو اغوا کرلیا گیا تھا، جو نانگجری اومسور کا باشندہ تھا اور ایک کان میں مزدری کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سرحد پار کے ضلع شیر پور اور نٹراکونہ کی پولس کو مسلسل خفیہ اطلاعات کی فراہمی کے بعد نوجوان کو رہا کرالیا گیا ہے۔ بنگلہ دیشی پولس نے اس کے لئے ضلع شیرپور کے کولچندرا گاؤں میں پیر کے روز چھاپہ ماری کرکے یرغمال نوجوان کو اغواکاروں کے چنگل سے آزاد کرالیا۔ چھاپہ ماری کے دوران دو اغوا کار فرار ہوگئے، جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ فی الحال نوجوان شیرپور پولس کی تحویل میں ہے اس کو واپس لانے کے لئے کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میگھالیہ پولس گرفتار کئے گئے اغوا کار کو بھی تحویل میں لینے کی کوشش کررہی ہے۔

Title: bangladesh police rescues indian hostage in Urdu | In Category: ہندوستان  ( india ) Urdu News

Leave a Reply