سیکولر پارٹیاں مسلمانوں کو ”بھیڑ کے عتاب “سے بچانے کے لیے کچھ نہیں کر رہیں: عبد الغفور

نئی دہلی: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر اورحکومت بہارکے اقلیتی امور کے وزیر پروفیسر عبدالغفور نے الزام لگایا کہ جب سے مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت آئی ہے اس وقت سے مسلمانوں پر ظلم و زیادتی کے واقعات عام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ صورت حال یہ ہوگئی ہے کہ اب بھیڑ کے ذریعہ اور گاؤرکشا کے نام پر بے قصور لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کی مہم شروع ہوگئی ہے اور اس طرح ماورائے عدالت قتل کے رواج کو فروغ دیا جارہا ہے۔انہوں نے ٹرین میں ہونے والے حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے مسلمان اب ٹرین میں سفر کرنے سے ڈرنے لگے ہیں کہ نہ جانے کب اور کس اسٹیشن پر ان زدکوب کیا جانے لگے گا۔
ڈاکٹر غفور نے ملک کے موجودہ صورت حال، گائے اور دیگر کے نام پر دلتوں، مسلمانوں، سکھوں یہاں تک ہندؤں پر بھی بھیڑ کے بڑھتے حملے کے تناظر میں دعویٰ کیا کہ یہ صورت حال ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جارہی ہے اور تمام طبقوں کومذہب اور ذات پات سے بالاتر ہوکر اس کے حل کے لئے آگے آنا ہوگا اور اس کے لئے ملک کی سیکولر پارٹیوں کوپہل کرنی ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ زیادتی کی ایک وجہ ان کی سیکولر پارٹی سے وابستگی بھی ہے اور سیکولر پارٹیاں ان کو ان مصائب سے نکالنے کے لئے کچھ نہیں کر پارہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس کے برعکس بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے لوگ بے حیائی کے ساتھ نفرت پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں۔
اقلیتی امور کے وزیر نے کہاکہ آزادی کے بعد ملک میں ایسی صورت حال کبھی بھی نہیں تھی جو اس وقت ہے اور ایسی حالت میں سیکولر جماعتوں کو چاہئے کہ آپس میں مل بیٹھ کر اس طرح کے حالات سے ملک کو نکالنے کے لئے حکمت عملی تیار کریں۔ انہوں نے ہندوؤں مسلمانوں کو خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ گنگا جمنی تہذیب ہندوستان کی شناخت ہے اور اس طرح کے حالات سے سب سے زیادہ اسی تہذیب کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں کیوں کہ اس سے ان کا بہت بڑا نقصان ہوگا اور فرفہ پرستوں کو اپنے مقاصد کو حاصل کرنے میں اس سے مدد ملے گی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Attrocities on muslims since bjp govt came in power says professor abdul ghafoor in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply