کشمیر کو فوج کے حوالے کر کے پتھر برسانے والوں پر بم برسائے جائیں:وشوہندو پریشد

نئی دہلی: وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے جموں وکشمیر میں امرناتھ سے واپس آنے والے زائرین پر کل ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کے حوالے سے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ بی جے پی کے تین سال کے دوراقتدار میں بھی کشمیر میں دہشت گردی ختم کرنے میں ناکامی کا شاخسانہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی وی ایچ پی نے اس حملہ کے لیے ریاست کی محبوبہ مفتی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے آج مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کی حامی ریاستی حکومت کو فوری طور پر برخاست کرکے جموں و کشمیر کو 24 گھنٹے کے اندر فوج کے حوالے کیا جائے اور فوج کو گولی چلانے اور دہشت گردوں اور ان کے سنگبار حامیوں پر ‘کارپیٹ بمباری ‘ (بموں کی بارش) کرنے کا حکم دیا جائے۔
وی ایچ پی کے بین الاقوامی صدر ڈاکٹر پروین توگڑیا نے یہاں پریس کانفرنس میں امرناتھ یاتریوں پر دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ‘ہمت’ کا ثبوت دیں اور جموں وکشمیر میں مسلمانوں کا خیال چھوڑ کر ملک کا خیال کریں۔ ریاست میں دہشت گردوں کو دس لاکھ روپے کا انعام دینے والی محبوبہ حکومت کو برخاست کرکے پوری ریاست کو فوج کے حوالے کر دیا جائے اور فوج کو دہشت گردوں اور ان کی حمایت کرنے والوں پر اے کے 47 سے گولیاں چلانے اور ان پر ” کارپیٹ بمباری ‘کرنے کا حکم دیا جائے۔ وی ایچ پی لیڈر نے دہشت گردوں کو مقامی کشمیریوں کی حمایت ملنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فوج پر پتھر پھینکنے والی ہزاروں کی بھیڑ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کو کشمیری عوام کی حمایت اور تعاون حاصل ہے۔
ریاستی حکومت نے دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے سنگباروں پر ربڑ کی گولی چلانے سے روکا ہے اور اسی وجہ سے امرناتھ یاتریوں کے سینے پر گولی لگی ہے۔ اگر فوج کو دہشت گردوں اور ان کے حامیوں پر گولی چلانے کا اختیار ہوتا تو امرناتھ یاتری نہیں مارے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ سنگباری کرنے والے کشمیری نوجوانوں کو ‘بھولے بھالے گمراہ بچے کہنا بند کیا جانا چاہئے۔ یہ پاکستانی ایجنٹ ہیں اور ان سے سختی سے نمٹا جانا چاہئے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Attack on amarnath pilgrims result of modi govts failure vhp in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply