راجستھان میں ایک شادی ہال کی دیوار گرنے سے 24مہمان ہلاک و درجنوں زخمی

بھرت پور: راجستھان کے بھرت پور ضلع میں بدھ کو رات دیر گئے شہر کے سبری راستے پر واقع اننپورنا میرج ہوم اس وقت موت کے کنویں میں تبدیل ہو گیا جب ایک شادی کی تقریب کے دوران آنے والے طوفان باد باراں میں شادی ہال کی دیوار گرگئی جس کے ملبہ کے نیچے دب کر کم از کم 24 افراد ہلاک اور 40 شدید زخمی ہو گئے جن میں سے دو کو جے پور ریفر کر دیا گیا۔ ہلاک شدگان میں 8خواتین اور پانچ بچے شامل ہیں۔ سیوار کے ایس ایچ او خلیل احمد نے کہا کہ شدید زخمیوں کو راج بہادر میڈیکل اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان میں سبھی دولھن کے گھر والوں کی جانب سے مدعو مہمان تھے جو حادثے کے وقت کھانے کھاتے ہوئے آندھی اور بارش سے بچنے کے لئے اس دیوار کے قریب کھڑے ہو گئے لیکن تیز و تند ہواؤں کے جھکڑوں سے تھوڑی دیر بعد ہی یہ دیوار گر گئی۔
بارات جے پور کے کے جی بی روڈ، جوہری بازار رہائشی دیپ چند سینی کے بیٹے دھرمیندر کی تھی ،جو بھرت پور کے سبری تھانہ کے تحت مالی پورا کے رہائشی کروڑی مل کے یہاں آئی تھی۔ آندھی کے بعد پورے علاقے کی بجلی گل ہوجانے سے مشکلیں بڑھ گئیں کیونکہ ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہیں دے رہا تھا۔ لوگوں نے موبائل ٹارچ کا سہارا لیا۔ بعد میں سرچ لائٹس سے راحت اور بچاؤمہم چلی اور زخمیوں اور لاشوں کو آر ایم وی اسپتال پہنچایا گیا۔ ہلاک شدگان اور زخمیوں کو ملبے سے نکالنے کے لئے جے سی بی اور کٹر منگانے پڑے۔ بڑی تعداد میں زخمیوں کے اسپتال پہنچنے سے اسپتال میں افراتفری کا ماحول بن گیا۔ تھانہ سبری پولیس نے تقریباً سبھی ہلاک شگان کی شناخت کرلی ہے جس میں دو ہلاک شدگان کی شناخت ابھی باقی ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: At least 24 die as wall of marriage hall collapses in rajasthan in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply