دہلی کے ارپت ہوٹل میں بھیانک آگ ،17ہلاک ،کیجری وال نے 5لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا

نئی دہلی: منگل کی صبح وسطی دہلی کے قرول باغ میں واقع ایک ہوٹل میں بھیانک آتشزدگی سے کم از کم17افراد ہلاک اور کئی بری طرح جھلس گئے جبکہ تین لاپتہ ہیں۔ فائر سروس اور پولس اہلکاروں نے چار گھنٹے کی جدو جہد کے بعد کم و بیش50افراد کو ہوٹل سے زندہ باہر نکال لیا۔

ان میں سے کئی شدید طور پر جھلس گئے ہیں جنہیں علاج کے لے مختلف اسپتالوں میں داخل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق کیرل سے آئے ایک ہی کنبہ کے دس افراد اسی ہوٹل میں مقیم تھے۔ہلاک شدگان میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

یہ دونوں جان بچانے کے لیے عمارت سے چھلانگ لگاتے ہوئے موت کے منھ میں چلے گئے۔عینی شاہدین نے آگ کی ویڈیو بنائی جس میں لوگوں کو چوتھی منزل سے کودتے دکھایا گیا ہے۔ایک تصویر میں ایک شخص کو نیچے کودنے سے پہلے گیلری پکڑ کر لٹکا دیکھا جا سکتا ہے۔25سال پرانے ارپت ہوٹل میں آگ صبح 4بج کر35منٹ پر لگی ۔

آگ کی اطلاع موصول ہوتے ہی 26فائر ٹینڈر ارپت ہوٹل پہنچ گئے اور صبح ساڑھے سات بجے تک آگ پر قابو پالیا گیا۔فائر سروس کے افسران کے مطابق صبح 8بجے تک آگ بالکل ٹھنڈی ہو چکی تھی۔پولس نے آتشزدگی کے حوالےسے ہوٹل انتظامیہ کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کر لی ہے۔اور یہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی کہ یہ سانحہ ہوٹل کی جانب سے برتی گئی کسی قسم کی غفلت کا تو شاخسانہ نہیں ہے ۔ اگرچہ ابھی تک آگ لگنے کاسبب معلوم نہیں ہوسکا ہے لیکن حکام کو شبہ ہے کہ ڈکٹنگ میں شارٹ سرکٹ سے یہ آگ لگی ہوگی۔

ہوٹل عملہ کے مطابق جس وقت آگ لگی تو ہوٹل میں تقریباً150افراد مقیم تھے۔ان میں میانمار سے آنے والا ایک گروپ بھی تھا لیکن ان کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔حکام اس گروپ کی تلاش کر رہے ہیں۔

دریں اثنا دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور اس سانحہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کو 5لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔

نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیہ نے بھی اس حادثہ پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ دہلی حکومت کے چار سال پورے ہونے پر جو تقریب منائی جانے والی تھی اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: At least 17 killed in fire at hotel arpit palace in karol bagh in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
What do you think? Write Your Comment