آرمی چیف نے جو کچھ کہا ہے وہ ملک کے مفاد کے مدنظر رکھتے ہوئے کہا ہے : رجیجو

نئی دہلی:(یو این آئی) امور داخلہ کے وزیر مملکت کرن رجیجو نے جموں و کشمیر میں ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے آرمی چیف بپن راوت کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہشت گردی کے خلاف مرکز کی ’زیرو ٹالیرنس‘ پالیسی کے مطابق ہے۔ مسٹر رجیجو نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ آرمی چیف نے جو کچھ کہا ہے وہ ملک کے مفاد کے مدنظر رکھتے ہوئے کہا ہے کیوں کہ ملک کا مفاد سب سے بالاتر ہے اور جو بھی اس کے خلاف کام کرے گا اسے یہ سمجھا جائے گا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا نہیں کررہا ہے۔
آرمی چیف جنرل بپن راوت نے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں رخنہ ڈالنے والوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کل کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسیز کے جوان اس لئے زیادہ ہلاک ہورہے ہیں کیوں کہ مقامی لوگ ان کی مہم میں رخنہ ڈالتے ہیں اور کئی مرتبہ دہشت گردوں کو بھاگنے میں مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم مقامی لوگوں سے اپیل کریں گے کہ جن لوگوں نے ہتھیار اٹھائے ہیں اور اگر وہ مقامی لڑکے ہیں اور اگر وہ آئی ایس او رپاکستان کے پرچم لہرا کر دہشت گردانہ حرکت کرنا چاہتے ہیں تو ہم ان کو ملک دشمن عناصرسمجھیں گے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ آج ہوسکتا ہے کہ وہ بچ جائیں لیکن کل ہم انہیں پکڑ ہی لیں گے۔
ہماری مہم مسلسل جاری رہے گی۔ آرمی چیف کی طرف سے یہ سخت پیغام باندی پورا کے پارہ محلے میں دہشت گردوں کے خلاف مہم کے دوران تین فوجیوں پر زبردست پتھراو کے واقعہ کے بعد آیا تھا۔ آرمی چیف کشمیر میں منگل کو الگ الگ تصادم میں شہید ایک میجر سمیت چار فوجیوں کو خراج عقیدت دینے کے موقع پر کل یہاں بات کررہے تھے۔
مسٹر رجیجو کے ساتھ ہی وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے بھی آرمی چیف کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے آج کہا کہ فوج پورے عزم و یقین اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کررہی ہے۔ ملک کے لوگ چین کی نیند اس لئے سو رہے ہیں کیوں کہ فوج سرحدوں کی حفاظت کررہی ہے۔ ان کا ہم پر بڑا قرض ہے۔ ایسے میں انہیں اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی چھوٹ ہونی چاہئے۔ اس میں رخنہ ڈالنا درست نہیں ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Army chief spoke in national interest rijiju in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply