موسم سرما میں بلڈ پریشر بڑھنے اور دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ بہت بڑھ جاتا ہے

کولکاتا: سردی کے موسم میں لوگ شراب اور کباب پر زیادہ توجہ دیتے ہیں مگر ان چیزوں کے استعمال سے قبل صحت پر اس کے اثرات کا بھی دھیان رکھنا چاہیے۔ گرم آب و ہوا والے ملک ہندوستان میں لوگ تپش سے راحت ملنے کے لئے سردیوں کا بے تابی سے انتظار کرتے ہیں مگر اس موسم میں عارضہ قلب کا خطرہ کافی بڑھ جاتا ہے۔
درجہ حرارت کم ہونے، تیز ہوائیں چلنے اور بارش سے جسم کا درجہ حرارت گرتا ہے جس کی وجہ سے بلڈ پریشر اچانک سے بڑھ جاتا ہے اور اس کی وجہ سے دل کا دورہ پڑتا ہے۔ ڈاکٹر پرتھوی راج بھٹاچاریہ نے یو این آئی کو بتایا سردیوں میں جسم کادرجہ حرارت اچانک کم ہونے سے خون گاڑھا ہوجاتا ہے جس سے خون کے تھکے بن سکتے ہیں جوخطرناک ہوتے ہیں۔ فورٹس اسپتال آنند پور میں عارضہ قلب کے ماہر نے بتایا کہ 40 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کودل کا دورہ پڑنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق سردیوں میں ہائی بلڈ پریشر سے لیکر موٹاپے تک کئی اسباب ہیں جن سے یہ خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا اگرآپ کے جسم میں کولیسٹرول کی سطح بڑھ جائے۔ ذیابیطس کی بیماری ہویا آپ زیادہ تمباکو نوشی کرتے ہوں تو ّپ کو ہوشیار رہنا چاہیے۔
دراصل سورج کی روشنی کم ہونے سے جسم میں وٹامن ڈی کی سطح کم ہوجاتی ہے۔ اس سے بھی کئی طرح کی تکالیف ہوجاتی ہے۔ اس وٹامن سے کئی طرح کےجسمانی نظام چلتے ہیں۔ اس طرح یہ عارضہ قلب سے لڑنے میں بھی بالواسطہ مدد کرتا ہے۔ اگر جسمانی نظام میں عدم توازن پیدا ہوجائے تو اس سے بھی دل کی بیماری کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔ ڈاکٹر بھٹاچاریہ نے کہا ”دراصل صبح کے وقت بلڈ پریشر میں اضافہ ہوجاتا ہے جس سے دل کا دورہ بھی پڑسکتا ہے۔ سردیوں میں خون گاڑھا ہوجاتا ہے۔ اس سے جو شخص بلڈ پریشر کے عارضہ میں مبتلا ہو، اسے دل کا دورہ پڑسکتا ہے“۔انہوں نے تجویز کیا کہ جنہیں دل کی بیماری ہو یا ہائی بلڈ پریشر ہو انہیں علی الصبح تھکاوٹ سے بچنا چاہیے۔
مغربی ممالک میں کئے گئے مطالعات سے یہ حقائق سامنے آئے ہیں مگر ہندوستان میں اس طرح کے سروے ابھی تک نہیں کئے گئے ہیں۔ عارضہ قلب کے ماہر نے خبردار کیا ”ہندوستان میں سردی کے موسم میں لوگ کھانے اور شراب سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ بہت سے لوگ خوب شراب نوشی کرتے ہیں جس سے پرہیز کرنا چاہیئے“۔انہوں نے کہا ”دل کا دورہ اچانک پڑتا ہے۔ بعض اوقات دل کے دورے کی پیشگی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ اس لئے اسے روکنا بھی مشکل ہے۔
صرف اس سے بچنے کے لئے احتیاطی اقدام ہی کئے جاسکتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ مریض سردیوں میں متواتر چیک اپ کراتے رہیں۔ بلڈ گلوکوز اور کولیسٹرول کی سطح پر برابر نظر رکھی جائے۔ شراب نوشی زیادہ نہ کی جائے اور بازار کے کھانے سے بھی پرہیز کیا جائے۔ جتنا ممکن ہوگھر کا سادہ کھانا کھایا جائے“۔

Read all Latest health news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from health and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Heart attack risk during winter in Urdu | In Category: صحت Health Urdu News

Leave a Reply