یہ آخری عشرہ ہزار مہینوں کی رات سے افضل راتوں اور جمعتہ الوداع کے باعث رمضان کا حسن ہے

نئی دہلی: ہفتے کے دنوں میں جمعہ کے دن کو خاص فضیلت حاصل ہے اور اس کو سید الایام بھی کہا جاتا ہے۔ اسلام میں جمعہ کے دن کا بڑا احترام اور عظمت ہے۔ یہ تمام ہفتے کے دنوں کا سردار بھی کہلاتا ہے۔ یہ صرف امت محمدیہ کو شرف حاصل ہوا ہے کہ جمعہ کا دن اس امت کا عطا کیا گیا ہے جبکہ کسی اور امت کو یہ عظمت والا دن عطا نہیں کیا گیا۔خدا وند عالم کا شکر بجا لانا چاہیئے کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر ماہ رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہونے کا موقع عطا فرمایا ہے تاکہ ہم اپنی خطاوں اور غلطیوں کی تلافی کر سکیں۔ ماہ رمضان کا آخری عشرہ شروع ہو چکا ہے اس عشرے کی خاص بات یہ ہے کہ اسی عشرے میں شبہای قدر ہیں کہ جنکی فضیلت میں کہا گیا ہے کہ ہزار مہینوں کی راتوں سے افضل ہیں۔اس ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو جمعتہ الوداع کہا جاتا ہے اور اس آخری جمعے کو بھی ایک خاص مقام حاصل ہے۔
مسلمان آخری جمعے میں خصوصی دعائیں کرتے ہیں اپنے لیے دوسرے مسلمان بھائیوں کے لیے اور بالخصوص ان مظلوم مسلمانوں کے لیے جو دنیا کے کسی بھی کونے میں استعماری قوتوں کے ہاتھوں صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔انقلاب اسلامی ایران کے بانی اور عظیم انقلابی رہنما حضرت امام خمینی(ر) نے جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر منانے کا فرمان جاری کیا تھا تاکہ فلسطین کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے اور غاصب صیہونی ریاست کے مظالم کو دنیا بھر میں آشکار کیا جا سکے۔ماہ رمضان کا مہینہ بھی ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اس مہینے میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو یاد رکھیں انکی حمایت میں جلسوں اور ریلیوں میں شرکت کر کے مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کر کے فلسطین کے کاز کی حتی المقدور حمایت اور سپورٹ کا اعلان کریں۔ہمیں یاد رکھنا چاہیئے کہ عالم اسلام کے تمام دشمنوں کی یہ بھرپور کوشش ہے کہ مسئلہ فلسطین اور القدس کو فراموش کر دیا جائے۔
انکی کوشش ہے کہ مسلمان اس طرح اپنے داخلی مسئلہ میں الجھ جائیں اور فلسطین مسئلہ ًبھول جائیں تاکہ صیہونی ریاست اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کر سکے۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیئے کہ فلسطین کا مسئلہ عربوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے۔دنیا بھر کے تمام مسلمانوں پر فرض ہے کہ اس مسئلہ کے لیے ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو نکلیں تاکہ ہم سب قبلہ اول کی آزادی کی تحریک میں حصہ ڈال سکیں۔ یہ دشمن کی بھول ہے کہ وہ اس مسئلہ کو عربوں کا مسئلہ بنا کر اسے پردہ فراموشی میں لے جانے میں کامیاب ہو سکے گا۔ انشااللہ ایک دن آئے گا کہ فلسطین غاصب ریاست کے تسلط سے آزاد ہو گا اور مسلمان بیت المقدس میں نماز ادا کریں گے۔

Title: the significance of the last 10 days of ramadan | In Category: عقائد و مذاہب  ( faiths-and-religions )

Leave a Reply