سری دیوی کے لیے بیٹی جھانوی کا دل چھو لینے والا خط:میرے دل میں ایک عجیب سی بے چینی ہے

ممبئی:(ایجنسی)آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کی جانب سے والدہ کے بچھڑنے کے بعد لکھے گئے کھلے خط نے ان کے مداحوں کو جذباتی کر دیا ہے۔بالی وڈ فلم انڈسٹری کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی 24 فروری کو دبئی میں حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوب کر انتقال کر گئیں تھیں۔جب کہ اداکارہ کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کی گئیں تھیں جس میں فلم نگری کے سپر اسٹارز کے علاوہ ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔سری دیوی اپنی بڑی بیٹی جھانوی کپور کو شوبز انڈسٹری میں متعارف کرانے کی خواہش مند تھیں اور اسی لیے انہوں نے کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم ’دھڑک‘ سے بیٹی کو ڈیبو کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کی شوٹنگ بھی جاری تھی۔
آنجہانی اداکارہ فلمی دنیا کے علاوہ بیٹی کو فیشن انڈسٹری میں بھی متعارف کرانے میں پیش پیش تھیں اور اس سال ممبئی میں ہونے والے ’لیکمی فیشن ویک 2018‘ دونوں ماں بیٹی کا آخری فیشن شو ثابت ہوا۔والدہ کے بچھڑ جانے پر اداکارہ کی دونوں بیٹیاں جھانوی کپور اور خوشی کپور غم سے نڈھال ہیں اور اب والدہ کے قریب تصور کی جانی والی بڑی بیٹی جھانوی نے کھلا خط لکھ کر ’ماں‘ کی جدائی کے غم کا اظہار بھی کیا ہے۔
جھانوی نے انسٹاگرام پر خط پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے والدہ کے لیے لکھا ہے کہ ’ میرے دل میں ایک عجیب سی بے چینی ہے لیکن میں جانتی ہوں کہ مجھے اب اسی کے ساتھ جینا پڑے گا اور میں اس اکیلے پن کے ساتھ بھی آپ کے پیار کو محسوس کرتی ہوں‘۔انہوں نے لکھا ہے کہ ’ہر بار جب بھی آنکھیں بند کرتی ہوں تو میرے پاس یاد کرنے کے لیے وہ اچھے لمحے ہوتے ہیں اور میں جانتی ہوں وہ آپ ہی ہیں۔
جھانوی کا خط میں کہنا تھا کہ آپ ہماری زندگی میں دعا کی طرح تھیں اور یہ ہماری خوش نصیبی تھی کہ ’ہم آپ کے ساتھ رہے لیکن آپ اس دنیا کے لیے نہیں تھیں کیوں کہ آپ بہت اچھی، نیک دل اور پیار سے بھری ہوئی انسان تھیں، یہی وجہ ہے کہ خدا نے آپ کو اپنے پاس بلالیا‘۔
انہوں نے خط میں تحریر کیا کہ’ میری دوست اکثر یہ کہتی تھیں کہ میں خوش رہتی ہوں اور اب آپ کے چلے جانے کے بعد سمجھ آیا کہ یہ سب خوشی آپ کی وجہ سے تھا، آپ کے ہوتے ہوئے کوئی بھی مشکل مجھے بالکل بڑی نہیں لگتی تھی اور نہ ہی کوئی بھی دن مجھے کبھی اداس محسوس ہوتا تھا‘۔کھلے خط میں جھانوی نے تحریر کیا کہ آپ میری روح کا حصہ ہیں اور آپ نے پوری زندگی ہمیں پیار دیتی رہی ہیں، یہی میں ’ماں‘ آپ کے لیے کرنا چاہتی تھی۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ آپ کو میرے کام پر فخر ہو اور ہر صبح میں یہی سوچتی تھی کہ ایک دن آپ کو بھی مجھ پر فخر ہو گا لہذا اب بھی اسی سوچ کے ساتھ صبح اٹھوں گی کیوں کہ آپ یہیں ہیں اور میں آپ کو محسوس کرسکتی ہوں‘۔

Title: sridevis daughter pens emotional letter to her mother | In Category: انٹرٹینمنٹ  ( entertainment )

Leave a Reply