فلم’سرگوشیاں‘کاکشمیر میں پریمئر شو ہوا، 19 مئی کو ملک بھر کے سنیما ہالوں میں دکھائی جائے گی

سری نگر: وادی کشمیر کی خوبصورتی اور یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی پر بننے والی بالی وڈ فلم ’سرگوشیاں‘ کا گذشتہ شام یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس (ایس کے آئی سی سی) میں پریمئر شو دکھایا گیا۔ اس کے ساتھ ’سرگوشیاں‘ بالی وڈ کی پہلی فلم بن گئی ہے جس کا پریمئر وادی کشمیر میں دکھایا گیا۔ ’سرگوشیاں‘ جس کی صد فیصد عکس بندی وادی میں ہی ہوئی ہے، 19 مئی سے ہندوستان بھر کے 500 تھیٹروں میں دکھائی جائے گی۔ اس فلم کو، جو کہ ایک ’ٹریول ڈراما فلم‘ ہے، بالی وڈ کے معروف اداکار ’عمران خان‘ نے ’عمران خان پروڈکشن‘ کے بینر تلے ڈائریکٹ اور پروڈیوس کیا ہے۔ اس فلم کی عکس بندی نومبر 2015 ء میں شروع ہوکر 2016 ء کے اواخر میں مکمل کرلی گئی۔ ’سرگوشیاں‘ کی عکس بندی کشمیر کے انتہائی خوبصورت مقامات جیسے ڈل جھیل ، مغل باغات، دودھ پتھری اور مغل روڑ پر مکمل کرلی گئی ہے۔ اس فلم کی کہانی ’کشمیر کی بے انتہائی خوبصورتی‘ اور لوگوں کی سادگی و مہمان نوازی پر مبنی ہے۔
بالی ووڈ میں کشمیر کے تعلق سے گذشتہ اڑھائی دہائی کی روایت کے برعکس اس فلم میں کوئی تشدد نہیں دکھایا گیا ہے اور پوری دنیا کو کشمیر کی خوبصورتی اور کشمیریوں کی انسانیت نوازی سے واقف کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس فلم میں اندر نیل سین گپتا ، حسن زیدی، شاہباز خان ، سارہ خان اور فریدہ جلال نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جبکہ چند ایک مقامی اداکاروں کو بھی اس فلم میں کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ .’سرگوشیاں‘ کے ڈائریکٹر عمران خان نے بتایا کہ اس فلم کی کہانی تین دوستوں کی ہے جو مختلف ذمہ داریاں نبھانے کے سلسلے میں کشمیر آتے ہیں۔ ان میں سے دو دوستوں کا تعلق ممبئی سے ہے جن کا کردار اندر نیل سین گپتا اور حسن زیدی نبھارہے ہیں جبکہ کشمیر میں انہیں جوائن کرنے کے لئے سارہ خان لندن سے آجاتی ہیں، جو تیسرے دوست کا کردار نبھارہی ہیں۔
کشمیر میں یہ تینوں دوست کشمیریوں کی مہمان نوازی اور ملنساری سے بے حد متاثر ہوجاتے ہیں۔ اس فلم (سرگوشیاں) کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ یہ بالی ووڈ کی پہلی فلم بن گئی ہے جس کا پریمئر وادی کشمیر میں دکھایا گیا۔ ایس کے آئی سی سی منعقدہ ’پریمئر شو‘ تقریب میں فلم کے عملہ کے علاوہ وادی کی کچھ اہم شخصیات بالخصوص نیشنل کانفرنس صدر و ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے علاوہ محکمہ سیاحت و جموں وکشمیر بینک کے سینئر افسران اور میڈیا سے وابستہ افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فلم کے ہدایت کار عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’میرے ذہن میں پہلے سے ہی تھا کہ مجھے اس طرح کی فلم بنانی ہے۔ یہ ہمارے لئے بڑے فخر اور خوشی کی بات ہے کہ یہ فلم مکمل ہوئی ہے اور ایس کے آئی سی سی میں اس کا پریمئر دکھایا گیا۔ اس فلم کی تکمیل اہلیان جموں وکشمیر کی سپورٹ کے بغیر ناممکن تھا‘۔ انہوں نے بتایا کہ جتنا سکون انہیں کشمیر میں ملتا ہے اتنا سکون انہیں کسی اور جگہ نہیں ملتا ہے۔ عمران خان نے میڈیا کے نمائدوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہ کشمیر کی فلم ہے، یہاں کے لوگوں کی فلم ہے‘۔
یہ پوچھے جانے پر ان کے ذہن میں کشمیر پر فلم بنانے کا خیال کیسے آیا، تو انہوں نے اپنے جواب میں کہا ’میں بہت ٹریول کرتا ہوں۔ میں یہاں بہت بار آچکا ہوں۔ میں پہاڑیوں اور دریاو¿ں کو دیکھنے کا بے حد شوق رکھتا ہوں۔ ہمیشہ سے ہی ذہن میں تھا کہ ٹریول پر ایک فلم بناو¿ں گا، کیونکہ ہندی میں ٹریول پر بہت کم فلمیں بنائی جاتی ہیں۔ ٹریول کے تناظر میں دیکھا جائے تو کشمیر کا کوئی متبادل نہیں ہے‘۔ فلم میں کلیدی اداکارہ کا کردار نبھارہی سارہ خان نے نامہ نگاروں کو بتایا ’کشمیر زمین پر جنت ہے۔ اس کا مجھے فلم کی عکس بندی کے دوران تجریہ کیا۔ میں یہاں پہلے بھی آئی تھیں لیکن وہ بالکل الگ تجربہ تھا۔ میں نے تب کشمیر سے لداخ بذریعہ روڈ سفر کیا تھا۔ اس فلم کی بدولت ہمیں ان جگہوں پر جانے کا موقع ملا ہے جہاں غیر کشمیریوں کے قدم نہیں پڑے ہیں۔ ان جگہوں کی خوبصورتی کو الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے۔ مجھے بے حد خوشی ہے کہ میں اس فلم کا حصہ ہوں‘۔ انہوں نے مزید بتایا ’مجھے سب لوگوں کو یہ پیغام دیناہے کہ وہ یہاں آئیں۔ یہاں کوئی ڈر نہیں ہے۔ کوئی خوف نہیں ہے۔ یہاں جیسی مہمان نوازی شاید ہی آپ کو کہیں اور دیکھنے کو ملے ‘۔یہ میرا دعویٰ ہے۔حقیقت میں روئے زمیں پر یہی جنت ہے۔

Title: sargoshiyan becomes first bollywood film to have its premiere in srinagar in Urdu | In Category: انٹرٹینمنٹ  ( entertainment ) Urdu News

Leave a Reply