سنجیو کمار زندہ ہوتے تو 80ویں سالگرہ منارہے ہوتے

نئی دہلی: بالی ووڈ کے اپنے دور کے معروف اداکار سنجیو کمار کی، جنہوں نے اپنے 25سال کے فلمی کریئر میں 50سے زائد فلموں میں کام کیا ہے آج 80ویں سالگرہ ہے ،۔ فلم ’ شعلے“ میں ٹھاکر کا کردارادا کر لوگوں میں اپنی شناخت بنا نے والے سنجیو کمار 9جولائی 1938کو گجرات کے سورت شہر میں پیداہوئے اور ان کا اصلی نام ہریہر جری والا تھا ۔

سنجیو کمار کی دوست انجو کے مطابق ’سنجیو کمار بہت کم گو تھے۔ لیکن ان کا سینس آف ہیومر کمال کا تھا‘۔انجو مہندرو نے اپنے ایک انٹریو میں بتایا’سنجیو کے بارے میں عام خیال تھا کہ وہ بہت کنجوس ہیں۔ لیکن ایسا نہیں تھا۔

انھیں جس کو جو دینا ہوتا تھا وہ دے دیتے تھے۔ جسے نہیں دینا ہوتا تھا تو نہیں دیتے تھے‘۔وہ کہتی ہیں کہ سنجیو کمار اپنی پرسکون قدرتی مسکراہٹ سے لڑکیوں کا دل جیت لیتے تھے، ان کی آنکھوں میں غضب کی کشش تھی۔’اپنے زمانے کی کئی اداکاراؤں سے ان کی گہری دوستی تھی۔

انجو کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی اپنی خاتون دوست پر بے وجہ کا حق نہیں جتاتے تھے۔ وہ پوزیسیو‘ نہیں تھے، ان کے ساتھ خواتین اطمینان محسوس کرتی تھیں۔انھوں نے کہا ’ہری بھائی عرف سنجیو کمار کے ساتھ ایک مسئلہ ضرور تھا۔ جب کبھی کوئی خاتون ان کی طرف متوجہ ہو جاتی یا ان کے ساتھ ان کا افیئر شروع ہوتا تو انہیں شک ہونے لگتا ہے کہ کہیں وہ ان کی دولت اور نام کے پیچھے تو نہیں ہے‘۔

’میں ان سے اکثر کہتی ایسے تو تم کنوارے ہی مر جاؤ گے۔ کسی ایک عورت پر تو بھروسہ کرو۔ وہ ایک خاتون کو خاصا پسند کرتے تھے لیکن شاید اس افیئر میں ان کا دل بھی ٹوٹا‘۔سنجیو کمار نے فلم ’ہم ہندوستانی‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ لیکن بطور ہیرو ان کی پہلی فلم ’نشان تھی‘ جو 1965 میں ریلیز ہوئی۔انھوں نے دلیپ کمار کے ساتھ فلم ’سنگھرش‘ میں کام کیا۔

انھیں فلم ’کوشش‘ کے لیے بہترین اداکار کے اعزاز سے نوازا گیا۔ان کی یادگار فلموں میں ’شعلے‘، ’سیتا اور گیتا‘، ’انگور‘، ’شطرنج کے کھلاڑی‘، ’ترشول‘، ’آندھی‘، ’کھلونا‘، ’موسم‘، اور ’ودھاتا‘ شامل ہیں۔

سنجیو کمار کے خاندان میں زیادہ تر مرد افراد کی موت جوانی میں ہی ہو گئی تھی۔انجو نے بتایا ’وہ جب بھی کہا کرتے کہ میں بھی جلد چلا جاؤں گا، تو میں ان سے کہتی ہری چپ رہو۔ زیادہ مت پیا کرو۔ کھانے پینے کا خیال رکھو۔ تمہیں کچھ نہیں ہوگا۔ وہ اپنے آخری دنوں میں بے حد پرسکون ہو گئے تھے اور کسی سے ملتے جلتے نہیں تھے‘۔

انجو کے مطابق سنجیو کمار ’محبت اور پراپرٹی کے معاملے میں کبھی بھی خوش قسمت نہیں رہے۔ جب بھی فلیٹ خریدنے کا خیال آتا ان کے پاس کچھ پیسے کم پڑ جاتے‘۔فلم انڈسٹری میں سنجیو کے زیادہ دوست نہیں تھے۔ وہ شتروگھن سنہا ور پونم سنہا کے کافی قریب تھے۔

Title: sanjeev kumar birthday special and some unknown facts in Urdu | In Category: انٹرٹینمنٹ  ( entertainment ) Urdu News

Leave a Reply