پاکستان سوپر لیگ کے لیے ہندوستانی ٹی وی شخصیت کپل شرماکی بھی خدمات حاصل

دوبئی: یہ کسی فلم، ماڈلنگ یا اشتہار کی شوٹنگ نہیں بلکہ یہ روشنی، کیمرہ اور ایکشن جمعرات کی شب ہونے والی اس تقریب کی تیاری کا ایک جزو ہے جو پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کی رونمائی کے موقع پر دوبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی۔
دفاعی چمپین پشاور زلمی اور پی ایس ایل ڈیبو کرنے والی ملتان سلطان کے درمیان میچ سے قبل اسٹیڈیم میں ستاروں سے آراستہ پروگرام سے کرکٹ شوقینوں کو لطف اندوز کیا جائے گا۔
پشاور زلمی نے اپنے پرستاروں سے روبرو کرنے کے لیے ہندوستان کی ہر دلعزیز ٹی وی شخصیت کپل شرما کی خدمات حاصل کی ہیںجو ”زلمی رات کپل شرما کے ساتھ“ کے عنوان سے ٹی وی شو شروع کیا ہے۔
اس موقع کو یادگار اور حسین بنانے کے لیے صوفی گلوکارہ عابدہ پروین افتتاحی تقریب میں ہزاروں پرستاروں کے سامنے اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔اس کے بعد امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو رقص و نغمہ کا پروگرام پیش کریں گے اور اپنے ہیجان انگیز رقص سے اسٹیڈیم میں برقی ماحول پیدا کر دیں گے۔
پی ایس ایل کے ترانوں کو اپنی آواز دینے والے اپنے پرستاروں میں نہایت ہر دلعزیز گلوکار علی ظفر اپنی مسحور کن آواز سے اسٹیڈیم میں سناٹا طاری کردیں گے۔
ان کا تازہ ترین پی ایس ایل ترانہ ”دل سے جان لگادے“ زباں زد عام ہو چکا ہے۔ان کے علاوہ پاپ آئیکن شہزاد رائے، فلم اداکار بلال اشرف اور ادکارہ حریم فاروق بھی اسٹیج پر جلوہ افروز ہوں گے۔
اس موقع پر موسیقی کی دھن کے ساتھ ساتھ آتش بازی بھی ہوگی جس سے پورا آسمان اور ماحول جگمگا اٹھے گا۔یہ افتتاحی تقریب جمعرات کی شام 7بجے ہوگی اور اس کے بعد رات دس بجے پشاور زلمی اور ملتان سلطان کے درمیان میچ ہوگا۔

Title: psl 3 opening ceremony | In Category: انٹرٹینمنٹ  ( entertainment )

Leave a Reply