معروف شاعر و نغمہ نگار چمن لال چمن کا لندن میں انتقال

لندن: یو کے اقامتی ہند نژاد معروف شاعر،نغمہ نگار و ریڈیو براڈ کاسٹر چمن لا ل چمن دو شنبہ کو لندن میں انتقال کر گئے ۔ وہ 85برس کے تھے۔1934میں برطانوی دور کے پنجاب کے ضلع جالندھر میں، جسے پہلے پسلا پکارا جاتا تھا پیدا ہونے والے چمن لال چمن کو اپنی مادری زبان پنجابی کے ساتھ ساتھ ہندی، اردو اور انگریزی زبان پر عبور حاصل تھا۔

فلمی ، ادبی ، ابلاغی ، ثقافتی ، فنکاری اور سماجی حلقوں میں ان کی بڑی قدر و منزلت تھی ۔ وہ نہایت خوش گفتار، ملنسار، عجز و عاجزی کا پیکر اور تصنع و بناوٹ سے میلوں دور نظر آنے والی نہایت ہر دلعزیز اور پر کشش شخصیت تھی۔ انہوں نے اپنے کیریر کا آغاز ریڈیو مبصر کے طور پر کیا اور کینیا اور برٹین میں وہ ریڈیو سے وابستہ رہے اور سنیل دت، پنڈت جواہر لعل نہرو اور نوشاد جیسی معروف ہستیوں کا انٹرویو کیا۔

میڈیا،آرٹ اور کلچر میں ان کی بیش بہا خدمات کے اعتراف میں لندن میں ایشین ایچیورز گولڈ ایوارڈ (Asian Achievers Gold Award ) اعزاز سے سرفراز کیا گیا ۔ انہوںنے1979میں پنجابی گیت’ ساؤن دا مہینہ(saun da mahina)‘ لکھا جس نے زبردست شہرت پائی اور اس گیت کو شہرہ آفاق اور شہنشاہ غزل جگجیت سنگھ نے اپنی آواز دے کر غزل شوقینوں کے کانوں میں رس گھول دیا۔

انہوں نے معروف ایشیائی نژاد کینیائی انگلش فلم ڈائریکٹر گوریندر چڈھا کی رومانوی فلم برائڈ اینڈ پریجوڈس(Bride and Prejudice)کے لیے، جس میں ایشوریہ رائے نے اداکاری کی تھی،انو ملک کی موسیقی کے دھن کے ساتھ بھنگڑا گیت لکھا تھا ۔انہوں نے جگجیت سنگھ چترا سنگھ نام سے عالمی شہرت یافتہ گلو کار میاں بیوی کی جوڑی کے لیے کئی غزلیں و نغمے لکھے۔

ان کے گیت اس گلو کار جوڑی کے علاوہ آشا بھونسلے، کمار سونو اور سونو نگم نے بھی گائے۔ ان کا اردو ویب پورٹیل ”اردو تہذیب ڈاٹ کام “ سے بڑا گہرا لگاؤ تھا۔ اور وہ وقتاً فوقتاً اردو تہذیب کے عملہ کی رہنمائی کرتے رہتے تھے اور اپنے بیش قیمت مشوروں سے نوازا کرتے تھے۔ادارہ اردو تہذیب چمن لال جی کے لواحقین اور دوست احباب اور خاص طور سے اردو ویب سائٹ ” اردو تہذیب ڈاٹ کام“ کے بانی و یو کے مقیم اجیت سنگھ ست بھانبراسے،جنہیں ان سے حد درجہ عقیدت و محبت تھی، اظہار تعزیت کرتا ہے۔

Read all Latest entertainment news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from entertainment and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Chaman lal chaman passes away in Urdu | In Category: انٹرٹینمنٹ Entertainment Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.