فلم سازسورج بڑجاتیہ نے خالص گھریلو فلموں سے شائقین کے دل جیت لیے

ممبئی: بالی ووڈ میں سورج بڑجاتیہ کو ایک ایسے فلم ساز کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے خاندانی اور صاف ستھری دل کو چھو لینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص جگہ بنائی ہے۔ 22 فروری 1964 کو ممبئی میں پیدا ہوئے سورج بڑجاتیہ نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ڈائریکٹر سال 1989 میں ریلیز فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے کیا تھا۔رومانوی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی،جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ 1994 میں انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان کو لے کر فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ بنائی۔اس فلم میں سلمان کے ساتھ مادھوری دکشت نے اداکاری کی تھی۔
خاندانی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور مادھوری دکشت کی جوڑی کافی پسند کی گئی۔ اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور آل ٹائم گریٹیسٹ میں شمار ہو گئی۔ 1999 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ جلوہ گر ہوئی جو خاندانی پس منظرپر بنی ایک ملٹی اسٹارر فلم تھی۔ اس فلم میں سلمان خان، سیف علی خان، مو نیش بہل، تبو، سونالی بیندرے اور کرشمہ کپور نے اہم کردار نبھایا تھا۔سال 2003 میں سورج بڑجاتیہ نے’میں پریم کی دیوانی‘ کی ہدایت کاری کی۔ یہ فلم ان کے دادا تارا چند بڑجاتیہ کے راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’چت چور‘ کا ریمیک تھی۔ اس فلم میں رتیک روشن، ابھیشیک بچن اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار نبھائے تھے لیکن یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔ 2006میں ریلیز فلم ’وواہ‘ ان کے کیریئر کی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی۔
اس فلم میں شاہد کپور اور امرتا راؤ نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔ اس فلم کے بعد سورج بڑجاتیہ نے ہدایت کاری کرنا بند کر دیا۔ پھر 2007 میں انہوں نے سونو سود اور ایشا کوپیکر کے ساتھ فلم ’ایک وواہ ایسا بھی‘ بنائی جو راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’تپسیا‘ کا ریمیک تھا حالانکہ اس فلم کو تپسیا جیسی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ سورج بڑجاتیہ نے تقریباً آٹھ سال بعد ایک بار پھر ہدایت کاری شروع کی اور سلمان خان کو لے کر 2015 میں فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ بنائی۔ فلم میں سلمان خان اور سونم کپور نے اہم کردار نبھائے تھے اس فلم نے 200 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔

Title: bollywood celebrate sooraj barjatyas birthday | In Category: انٹرٹینمنٹ  ( entertainment )

Leave a Reply