فلم ”شعلے“کے کردار” گبر سنگھ“ سے امجد خان نے شہرت پائی تھی

نئی دہلی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار امجد کو دنیا سے رخصت ہوئے 28 سال بیت گئے مگر ان کا لازوال کردار گبر آج بھی زندہ ہے۔بالی وڈ میں گبر کے نام سے امر ہونیوالے مشہور اداکار امجد خان پاکستان کے شہر پشاورمیں پیدا ہوئے اور بالی ووڈ میں فلمی کیرئیر کا آغاز 1957 سے کیا۔امجد کیلئے 1975 کا سال کامیابیوں کا سال ثابت ہوا جب فلم شعلے میں ان کی جاندار اداکاری نے انہیں راتوں رات سپرا سٹار بنا دیا۔

امجد نے گبر سنگھ کے کردار سے عالمی شہرت حاصل کی جس کے بعد ان کا شماربالی ووڈ کے بڑے اداکاروں میں کیا جانے لگا، انہوں نے بالی وڈ انڈسٹری میں ولن کے کردار کو ایک نئی جہت دی۔امجد خان نے فلم شعلے کے علاوہ قربانی ، چرسی ، چکر پے چکر، لاوارث ، نٹورلال ، مقدر کا سکندر ، چمیلی کی شادی ، محبت اور کالیا سمیت کئی سوپرہٹ فلموں میں کام کیا۔

انہوں نے ایکشن کے ساتھ ساتھ کئی کامیڈی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور خوب شہرت پائی ، امجد خان نے تقریباً 130 فلموں میں کام کیا اور کئی ایوارڈ کے مستحق قرار دیے گئے۔

یہ عظیم فنکار27جولائی 1992میں صرف 51برس کی عمر میں دنیا فانی سے کوچ کرگیا لیکن ان کا گبر سنگھ کا کردارآج بھی زندہ ہے۔ واضح رہے کہ اس فلم میں گبر سنگھ کے کردار کے لئے پہلے ڈینی کا نام تجویز کیا گیاتھا۔اس وقت فلم ”دھرماتما“ میں کام کرنے کی وجہ سے ڈینی نے شعلے میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔

شعلے کے اسکرپٹ رائیٹرسلیم خان کی سفارش پر رمیش سپی نے امجد خان کو گبر سنگھ کا کردار ادا کرنے کا موقع دیا۔جب سلیم خان نے امجد خان سے فلم شعلے میں گبر سنگھ کا کردار ادا کرنے کو کہا تو پہلے تو وہ گھبرا سے گئے لیکن بعد میں انہوں نے اسے ایک چیلنج کے طور پر لیا اور چمبل کے ڈاکوؤں پر بنی کتاب’ ابھیشپت چمبل ‘ کا مطالعہ کرنا شروع کیا۔

جب فلم شعلے ریلیز ہوئی تو گبر سنگھ ‘ کردارشائقین میں اس قدر مقبول ہوا کہ لوگ ان کی آواز اور چال ڈھال کی نقل کرنے لگے۔امجد خان کو اداکاری وراثت میں ملی تھی۔ ان کے والد جینت فلم انڈسٹری میں ویلن رہ چکے تھے۔ انہوں نے بطور اداکار اپنے کریئرکا آغاز 1957 میں آئی فلم ”اب دہلی دور نہیں “سے کیا تھا۔ اس فلم میں انہوں نے چائلڈا سٹار کاکردار اداکیاتھا۔

Read all Latest entertainment news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from entertainment and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Amjad khan death anniversary in Urdu | In Category: انٹرٹینمنٹ Entertainment Urdu News

Leave a Reply