اقتصادی شعبہ میں حلال ذرائع کا تعین

غلام مصطفی رضوی

اسلام زندگی کے جمیع احوال کا احاطہ کرتا ہے۔اس میں ایک اہم شعبہ ذرائع و وسائلِ حیات یعنی رزق کا ہے؛ جس کے لیے قرآن مقدس کی تعلیم یہ ہے کہ:لا تَأْکُلُوا أَمْوالَکُمْ بَيْنَکُمْ بِالْباطِلِ  (سورة النسآئ:29) ”آپس میں ایک دوسرے کے مالِ نا حق نہ کھاؤ“ (کنزالایمان)-یعنی رزقِ حلال کھاؤ۔غیر شرعی طریقے سے مال کا حصول ممنوع فرمایا گیا۔

اسلام نے ظاہری حیات کو سنوارا ہی، اس سے زیادہ باطن کی تطہیر و پاکیزگی کی تعلیم دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے یہاں باطنی صفائی ستھرائی کے لیے ایک پورا نظام قائم ہے۔ جسے اس دور میں ہم اولیاے کرام کی تعلیمات یا تصوف سے یاد کرتے ہیں۔ جن کی تعلیم ہی تزکیہ و تطہیر ہے۔ آپ دیکھیں کہ باطن کو نکھارنے والے ایسے نکھرے کہ ان کی بارگاہوں میں سکون ہے، ان کی یادوں میں سکون ہے، ان کے تذکروں اور ان کے احوال میں سکون ہے۔ ٹوٹے دل ان کی بارگاہ میں آتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوبوں کے توسل سے مشکلات دور فرماتا ہے اور آسودگی عطا کرتا ہے۔
باطن سنور گیا تو اس کا اثر ظاہر پر بھی ہوگا۔ اسی لیے جب تزکیہ و تطہیر کا مرحلہ شوق طے ہوتا ہے تو بندہ رزق حلال کے سوا اور کوئی ذریعہ قبول نہیں کرتا۔ حلال کے برکات و ثمرات بڑے دیرپا ہوتے ہیں۔ یا کم از کم یہ پہلو تو ضرور اجاگر ہوتا ہے کہ حلال کی برکت سے برائیوں کی نحوست سے بندہ بہت حد تک محفوظ ہوجاتا ہے۔ اور اس کی زندگی لمحہ لمحہ تقویٰ کی طرف بڑھتی ہے، وجہِ بلندی بلاشبہ تقویٰ ہی ہے جس کی طرف اولیاے کرام نے رہبری کی ہے۔

توکل بھی اسی کا ایک ضابطہ ہے۔ بندہ مومن حلال کی راہ میں یقیں کی دولت سے بھی آراستہ ہوتا ہے۔ توکل یعنی اللہ کی ذات پر یقین کامل کہ ہمارا تمام بھروسہ اسباب کی بجائے خالقِ اسباب پر ہے۔ اس کی تدبیریں لاریب! ہمارے لیے افادہ کا سبب ہیں۔قرآن کی یہ آیت توکل کے ساتھ ہی جائز معاشی اسباب کی طرف رہبری کرتی ہے:

وَأَنْ لَيْسَ لِلْإِنْسَانِ إِلَّا مَا سَعَى (سورة النجم:39) ”اور یہ کہ آدمی نہ پائے گا مگر اپنی کوشش“ (کنزالایمان)
اسی طرح رزق حلال کی تعلیم دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ:
وَابْتَغُوا مِن فَضْلِ اللَّهِ (سورة الجمعة: 10)”اور اللہ کا فضل تلاش کرو“ (کنزالایمان)
حدیث پاک کا مفہوم ہے کہ: ”(ماتھے کے پسینے سے ) کمائی کرنے والا اللہ کا محبوب ہے۔“
ناجائز ذرائع سے مال و دولت کا حصول اسلام نے ناجائز و ممنوع قرار دیا ہے۔ بلکہ ان کے لیے وعیدیں آئی ہیں۔ انھیں عذاب کی خبر دی گئی ہے۔حلال اپنانے اور حرام سے بچنے کی تلقین کی گئی۔ نیکی و برائی کی جدا جدا راہیں صاف سمجھا دی گئی ہیں۔ قرآن پاک میں ارشاد ہوتا ہے:
وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا(سورة البقرة:275) ”اور اللہ نے حلال کیا بیع اور حرام کیا سود“ (کنزالایمان)

سود کے حرام ہونے سے متعلق کثیر حوالے موجود ہیں؛ تاہم آیت مبارکہ میں بیع کا حلال کیا جانا ہمیں تجارت و بزنس کے جائز ذرائع کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔ہمارا تجارتی نظام ماضی میں اِس قدر مستحکم تھا کہ مسلم تجار نے اپنے ایمان دارانہ بزنس سے اسلام کی کامیاب تبلیغ کی اور کفر زدہ دلوں کو اسلام کے نور سے معمور کر دیا۔ تاریخ میں ہم دیکھتے ہیں کہ تجارت کرنے والے بڑے کامیاب رہے ہیں۔ ہم اپنے ذرائع تجارت اگر پختہ کیے ہوتے تو؛ آج لاکھوں ذرائع آمدن پر ہمارا تسلط ہوتا لیکن افسوس کہ غیر اسلامی طرزِ تجارت کے فروغ کے لیے مغربی قوتیں، یہود و نصاریٰ مسلسل سرگرم عمل رہیں اور ہم غافل۔ بلکہ ایک پورا عالمی اقتصادی نظام اسلام مخالف قوتوں نے کھڑا کر رکھا ہے، جس میں سود و حرام کی آمیزش کی گئی ہے تا کہ مسلمان اس راہ پر آ کر اپنے ایمان کی تازگی کھو دے، اور برے رزق میں مبتلا ہو جائے، اللہ تعالیٰ فضل فرمائے۔

اسلامی قانون و ضابطہ کی پاس داری کا یہ بھی تقاضا ہے کہ فضول خرچی سے بچا جائے۔ فضول برباد کرنابھی معیوب ٹھہرا۔ لائق مذمت فعل ہے فضول خرچی۔ قرآن میں رب تعالیٰ فرماتا ہے:

٭وَكُلُوا وَاشْرَبُوا وَلَا تُسْرِفُوا إِنَّهُ لَا يُحِبُّ الْمُسْرِفِينَ (سورة الاعراف:31) ”کھاؤ اور پیو اور حد سے نہ بڑھو بے شک حد سے بڑھنے والے اسے پسند نہیں“ (کنزالایمان)

٭  وَلَا تُبَذِّرْ تَبْذِيرًا  إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ ( سورةبنی اسرائیل: 26-27) ” اور فضول نہ اڑا بے شک اڑانے والے شیطانوں کے بھائی ہیں “ (کنزالایمان)

٭وَالَّذِينَ إِذَا أَنفَقُوا لَمْ يُسْرِفُوا وَلَمْ يَقْتُرُوا وَكَانَ بَيْنَ ذَٰلِكَ قَوَامًا(سورة الفرقان:67) ”اور وہ کہ جب خرچ کرتے ہیں نہ حد سے بڑھیں اور نہ تنگی کریں اور ان دونوں کے بیچ اعتدال پر رہیں“ (کنزالایمان)

بندہ مومن کے لیے ضروری ہے کہ قوانین الٰہی کی متابعت و پیروی کرے تا کہ اس کی زندگی اسلامی زندگی بنے۔ اور اس کا ضابطہ ہر شعبے میں موجود ہے، جیسا کہ رزقِ حلال اور اس کے لیے احکامات پر مذکورہ سطور میں دلائل ذکر کیے گئے۔ بہر کیف! ہمیں چاہیے کہ رزق حلال کے لیے تگ و دو اور جستجو کریں اور اللہ کے شکر گزار بندے بنیں۔ مصائب و آلام میں صبر سے کام لیں تا کہ آخرت کی زندگی تابندہ رہے۔ اسلام کی ایک عظیم تعلیم آخرت کی زندگی کی تعمیر ہے جس کے لیے حلال رزق ناگزیر ہے۔

gmrazvi92@gmail.com

Read all Latest faiths and religions news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from faiths and religions and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Islam permits trade and prohibits riba in Urdu | In Category: عقائد و مذاہب Faiths and religions Urdu News
What do you think? Write Your Comment